کویت میں شہریوں کو سالانہ 50 ہزار ڈالر دینے کا منصوبہ

   

کویت سٹی ۔ کویتی حکومت ملازمت کی عمر والے تمام شہریوں کو زندگی بھر سالانہ 50 ہزار ڈالر دینے کا پروگرام بنا رہی ہے۔کویتی جریدے القبس کے مطابق کویتی حکومت نے نئے پروگرام کا مسودہ تیارکیا ہے۔ اس کے تحت کویتی شہریوں کو دی جانے والی ہر طرح کی سبسڈی ختم کرکے اس کی جگہ سالانہ 50 ہزار ڈالر دیے جائیں گے۔ یہ فیصلہ دولت کی تقسیم کو زیادہ منصفانہ بنانے اور سبسڈی پر خرچ ہونے والی رقم بچانے کی غرض سے کیا گیا ہے۔کویتی حکومت اس کی مدد سے قومی معیشت کی تنظیم نو کرسکے گی اور معاشی بحران کے بھنور سے نکل جائے گی۔ کویتی جریدے نے ملک میں قومی پالیسی کے مطالعات کی خاص ویب سائٹ کویت امپیکٹ کے حوالے سے ایک رپورٹ شائع کی ہے۔ جس کا عنوان کویت کی خاطر نئے افکار ہے۔ یہ رپورٹ انویسٹمنٹ کنسلٹنٹ علی السلیم نے تیار کی ہے۔ کنسلٹنٹ نے کہا ہے کہ دولت کی تقسیم پر نظرثانی کا حتمی نتیجہ مقامی شہریوں کو روزگار دینے سے پیدا ہونے والے مسائل کے حل کی صورت میں برآمد ہوگا۔ حکومت پر ملازمت فراہم کرنے کا بوجھ کم ہوگا۔ براہ راست اخراجات محدود گا اور کویتی معیشت زیادہ مستحکم ہوجائے گی۔