کو ویگزین کے استعمال پر چھ ہفتوں میں فیصلہ ۔ عالمی تنظیم صحت

   

حیدرآباد۔ عالمی تنطیم صحت کی جانب سے بھارت بائیو ٹیک کے کورونا ٹیکہ کو ویگزین کے ایمرجنسی استعمال کی اجازت کے تعلق سے چار تا چھ ہفتوں میں فیصلہ کیا جائیگا ۔ عالمی تنظیم صحت کے چیف سائنسدان سومیہ سوامی ناتھن نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے ایک ویبینار میں کہا کہ عالمی تنظیم صحت کی جانب سے کو ویگزین کا جائزہ لیا جارہا ہے اور اب اس کے تیار کنندہ بھارت بائیو ٹیک سے سارے ڈاٹا کو ڈبلیو ایچ او کے پورٹل پر پیش کیا جا رہا ہے ۔ ڈبلیو ایچ او رہنما خطوط کے مطابق عالمی تنظیم صحت کی جانب سے کو ویگزین کی تیاری کے تمام مراحل کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکہ کے ہنگامی صورتحال میں استعمال کے تعلق سے اجازت کا بھی ایک طریقہ کار ہے اور اس پر غور و خوض جاری ہے ۔ طبی تجربات اور ٹرائیلس کے بعد چار تا چھ ہفتوں میں ڈبلیو ایچ او سے اس پر فیصلہ کیا جاسکتا ہے ۔ فی الحال ڈبلیو ایچ او کی جانب سے فائزر ‘ بائیو این ٹیک ‘ ایسٹرا زنیکا ‘ موڈیرنا جیسے ٹیکوں کے استعمال کی اجازت ہے ۔