٭ آکار ۔ آشا سنٹر میں حادثہ کا شکار افراد کے لیے بھی مفت آپریشنس کی سہولت
٭ سیاست ۔ فیض عام ٹرسٹ کے زیر اہتمام عنقریب کیمپ
14 جولائی کو 5K رن
حیدرآباد ۔ 12 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : ہمارے شہر حیدرآباد میں ایک ایسا ہاسپٹل ہے جہاں حادثہ کا شکار مرد و خواتین ، بچوں کے ساتھ ساتھ پیدائشی طور پر کئی ایک نقائص سے متاثر بچوں کے علاوہ ایسے افراد بشمول بچے بڑے جو جھلس گئے ہوں ان کا مفت علاج کیا جاتا ہے ۔ ان کے مفت آپریشنس یا سرجریز کی جاتی ہیں ۔ حالانکہ آج کے اس دور میں جہاں مہنگائی آسمان کو چھونے لگی ہے ۔ غریب لوگ علاج اور آپریشنس کروانے کا تصور بھی نہیں کرسکتے ۔ ہم بات کررہے ہیں آکار ۔ آشا چیارٹیبل سنٹر فار ری کنسٹرکٹیو پلاسٹک سرجری کی ۔ ڈاکٹر بھارت تیندو سوین ڈائرکٹر آکار آشا ہاسپٹل کے مطابق لوگوں میں شعور بیدار کرنے کی خاطر 14 جولائی کو صبح ساڑھے چھ بجے اویرنیس 5K ۔ ایبلیٹی رن کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ یہ دوڑ آکار آشا ہاسپٹل مقابل میٹرو پلر A-782 کوکٹ پلی سے شروع ہوگی ۔ اس دوڑ کا مقصد جسمانی طور پر معذور افراد کو خاص طور پر بچوں کو Reconstructive Surgery کے ذریعہ معذوری سے چھٹکارا دلانا ہے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ جلد ہی روزنامہ سیاست اور فیض عام ٹرسٹ ، آکار آشا ہاسپٹل کے اشتراک و تعاون سے ایک خصوصی ہیلتھ کیمپ منعقد کیا جائے گا ۔اس ضمن میں سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین نے بتایا کہ آج کے دور میں اگر کوئی حادثہ کا شکار ہوجائے ، جھلس جائے یا پھر پیدائشی طور پر جن بچوں میں نقائص پائے جائیں تو ان کا علاج بہت مشکل ہوجاتا ہے ۔ غریب خاندان علاج بھی نہیں کرواسکتے ۔ ایسے میں آکار ۔ آشا ہاسپٹل ضرورت مند مریضوں اور ان کے خاندانوں کے لیے امید کی ایک کرن ہے ۔ یہ مرکز دراصل این سوین میموریل ٹرسٹ کا ایک یونٹ ہے ۔ اس مرکز میں علاج بھی مفت کیا جاتا ہے اور ادویات بھی مفت دی جاتی ہے ۔ خاص طور پر کٹی ہوئی تالو اور پھٹے ہوئے ہونٹ Cleft lip and cleft palate سے متاثر بچوں کا مفت آپریشن کیا جاتا ہے ۔ 2013 سے اس قسم کی 8000 سے زائد سرجریز کی گئی ہیں ۔ مزید تفصیلات کے لیے 7337318544 اور 9391038563 پر ربط کیا جاسکتا ہے ۔۔