کچرا اٹھانے والے سوچھ آٹوز جی پی ایس سے مربوط

   

حیدرآباد ۔ 6 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : بلدیہ کے شعبہ آئی ٹی کے اڈیشنل کمشنر مشرف علی فاروقی نے بتایا کہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے اقدامات کے تحت گھر گھر کچرا اکٹھا کرنے والے سوچھ آٹوز کی کارکردگی پر نظر رکھنے کے لیے آٹوز کو جی پی ایس سے مربوط کیا جارہا ہے 2500 سوچھ آٹوز میں سے تاحال 1700 آٹوز کو جی پی ایس سے مربوط کردیا گیا ہے ۔ جس پر بلدیہ کے کمانڈ کنٹرول کے ذریعہ نظر رکھی جائے گی اور اگر کوئی ان آٹوز سے جی پی ایس کو علحدہ کرنے کی کوشش کرتا ہے تو فوری اس کی اطلاع عہدیداران تک پہونچ جائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوچھ آٹوز کے ڈرائیورس کالونیز اور بستیوں میں روزانہ پہونچ کر کچرا اکٹھا کیے بغیر ریکارڈس میں روزانہ اندراج کرارہے تھے تاہم اب جی پی ایس سے آٹوز کو مربوط کرنے کی وجہ سے ڈرائیورس کی من مانی اور بدعنوانی پر روک لگ جائے گی اور ہر ایک سوچھ آٹو کو روزانہ کالونیز و بستیوں میں پہونچ کر کچرا اکٹھا کرنا ہوگا اور روزانہ ڈیوٹی انجام نہ دینے والے آٹوز کے ڈرائیورس کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی ۔۔