کچن گھر کا دل ہوتا ہے ۔ ایک خاتون خانہ کا سب سے زیادہ وقت اسی جگہ گزرتا ہے۔شاید اسی لئے کہا جاتا ہے کہ اگر کسی خاتون کا سلیقہ دیکھنا ہو تو اس کے کچن کا جائزہ لے لیا جائے ۔ آپ کا کچن جتنا زیادہ منظم ہو گا، آپ اتنا ہی پرسکون ہو کر کام کر سکیں گی۔لہٰذا اسے خوبصورت ٹائلز سے سجا لینا ہی کافی نہیں بلکہ اسے درست طریقے سے ترتیب دینا بھی ازحد ضروری ہے۔ کچن کو مرتب کرنے کیلئے ذیل میں چند آسان طریقے بتائے جا رہے ہیں تاکہ آپ سہولت سے کام بھی کر سکیں اور اسے مکمل طور پر منظم رکھ کر تعریف بھی پا سکیں۔ 1۔ سب سے پہلے تو یہاں سے تمام غیر ضروری اشیاء کو باہر نکال دیں۔جیسے ایمرجنسی لائٹس، پرانی اور قابل مرمت کوکنگ مشینری، زائد صفائی کے محلول اور پاؤڈر وغیرہ۔ یہاں تک اگر گروسری کیلئے بھی آپ کے پاس علیحدہ اسٹور ہے اور فریج میں اضافی جگہ ہے تو آپ زائد گروسری کچن میں اسٹور نہ کریں۔ 2۔ اپنے کچن کو زیادہ سے زیادہ صاف رکھنے کی عادت ڈالیں۔ہر کوکنگ کے بعد برتن دھونا، کاؤنٹر اور چولہا صاف کرنا عادت بنا لیں۔فرش پر ٹاکی یعنی پونچھا پھیرنا بھی نہ بھولیں۔کچن میں چار سے زائد صافیاں نہ رکھیں۔آپ کا کچن جتنا زیادہ صاف ہو گا وہ اتنا ہی منظم اور سمٹا ہوا لگے گا۔صفائی کو باقاعدہ رکھنے کیلئے کچن کی ہفتہ وار صفائی کی روٹین بنائیں اور سختی سے عمل پیرا ہوں۔ 3۔ چیزوں کو مربوط کریں۔جیسے چولہے کے کاؤنٹر کی ایک سائیڈ پر کٹنگ، چوپنگ بورڈ رکھیں اور دوسری جانب سنک لگوائیں۔ڈیزائنرز کچن میں چند کیبنٹس میں زیادہ سے زیادہ سہولتیں یکجا کر دی جاتی ہیں ۔ اسی طرح روزمرہ استعمال کے مصالحہ جات قریب ترین اور نچلی کیبنٹ میں رکھیں لیکن خیال رہے کہ مصالحہ جات چولہے سے قریب نہ ہوں وگرنہ گرمی کی حدت کے باعث یہ خراب ہو سکتے ہیں۔ اسی طرح بیکنگ اور چائنیز کوکنگ کے اجزاء کو ایک ہی کیبنٹ میں رکھیں تاکہ آپ کو بوقت ضرورت تمام چیزیں آسانی سے دستیاب ہوں۔ 4۔ اپنی کوکنگ کو آسان بنانے کیلئے اسے مرحلہ وار ترتیب دیں تاکہ کچن نہ پھیلے جیسے چائنیز کیلئے پہلے سبزیاں کاٹ کر فرائی کر لیں پھر چکن کا اسٹاک نکال کر رکھ لیں اور آخر میں چاول علیحدہ اُبال لیں۔اب آپ کی ڈش منٹوں میں تیار ہو جائے گی اور ایک ڈش سے فارغ ہونے کے بعد دوسری کی تیاری کا آغاز کریں۔5۔ اپنی کچن شاپنگ لسٹ کو بنا کر کم از کم تین بار نظر ثانی کریں اور حتی الامکان غیر ضروری اشیاء کو فہرست میں سے نکال دیں۔کیونکہ اکثر یہ ہوتا ہے کہ ہم چیزیں لے آتے ہیں مگر یا تو وہ استعمال ہی نہیں ہوتیں یا ایک آدھ بار کے بعد رکھی رہ جاتی ہیں۔اس طرح آپ کے پیسے بھی ضائع ہوتے ہیں اور آپ کے کچن میں غیر ضروری جگہ بھی گھر جاتی ہے۔ 6۔ کچن کیلئے چھوٹا اور باآسانی حرکت دینے والا سامان استعمال کریں۔ جیسے اسٹینڈ، کرسیاں اور ٹیبلز وغیرہ ۔ اچھا ہو گا کہ آپ جراثیم سے بچنے کیلئے کچن اسفنج کو جلدی جلدی تبدیل کر لیں۔ 7۔ کچن میں ایک نوٹس بورڈ ضرور آویزاں کریں اور اس میں اپنا مینو پلان، شاپنگ لسٹ اور دیگر ضروری چیزیں Tag کر دیں کیونکہ کچن میں دن میں ہر فرد کئی بار جاتا ہے ایسے میں اکثر بھول جانے والی چیزیں یاد رکھنا آسان ہو جاتی ہیں۔