دن بھر خواتین کا اچھا خاصا وقت کچن میں ہی گزرتا ہے تو کیوں نہ اسے زیادہ سے زیادہ وضع دار (اسٹائلش) بنانے پر غور کیا جائے؟ کچن کی تزئین وآرائش کے حوالے سے بات کریں تو اس میں کئی چیزوں کو اپنی پسند کے مطابق سجانے پر غور کیا جاسکتا ہے۔ لیکن زیر نظر عنوان میں ہم کچن کیبنٹس کے اوپر والے حصے کو استعمال میں لانے اور اس کی سجاوٹ کے منفرد ٹرینڈز سے متعلق بات کر رہے ہیں کیونکہ بہت کم گھروں میں اس پر دھیان دیا جاتا ہے۔ عام طور پر دیکھا جائے تو کچن کیبنٹس کی اوپری سطح زیادہ تر گھروں میں بیکار اور خالی خالی محسوس ہوتی ہے لیکن ا گر آپ کو کیبنٹس اور چھت کے درمیان کچھ جگہ مل گئی ہے تو اس کو خالی چھوڑنے کے بجائے اس کی سجاوٹ کے متعلق غور کریں۔ سجاوٹ کا یہ انداز منفرد ہے ، جو آپ کے کچن کا نقشہ بدل کر رکھ دے گا۔
معنی خیز سجاوٹ : کچن کی تزئین و آرائش کے دوران آرائشی اشیا رکھنے کی جگہ بھی متاثر کن کردار ادا کرسکتی ہے۔ لیکن ہوسکتا ہے کہ آرائشی اشیا رکھنے کیلئے کوئی جگہ مختص نہ کی گئی ہو کیونکہ عام طور پر گھروں میں خواتین ان چیزوں(مثلاً یادگار تصاویر، گلدان، روایتی آرائشی اشیا) کو کیبنٹ یا بیسمنٹ کی زینت بنادیتی ہیں یا انھیں محض ڈرائنگ روم کی سجاوٹ تک محدود کردیتی ہیں۔ کچن کیبنٹس کی اوپری سطح آرائشی اشیا کو نمایاں کرنے کیلئے بہترین انتخاب ثابت ہوسکتی ہے۔ آپ اس جگہ کو گلدان، کتابوں اور تصاویر کو نمایاں کرنے کیلئے استعمال کرسکتے ہیں۔ بالخصوص پھولوں سے بھرے گلدستے اور یادگاری فریم کو نمایاں کرنے کیلئے یہ جگہ مثالی ہے۔
اسٹوریج : کیبنٹ کی اوپری سطح بطور اسٹوریج استعمال کرنے کیلئے بہترین تصور کی جاتی ہے۔ اسٹوریج کے طور پر استعمال کرنے کیلئے اوپر ی سطح پر کیبنٹ کی پیمائش کے مطابق اس سے ہی ہم رنگ لکڑی کا عمودی فریم تیار کروایا جاتا ہے۔ بعدازاںکچن میں آرائش کی خاطر ہر عمودی فریم میں ایک ٹوکری (باسکٹ) رکھ کر ان کو اشیائے ضروریہ ذخیرہ کرنے کیلئے استعمال کیا جاتاہے۔ واضح رہے کہ ان ٹوکریوں میں آپ کچن کا ضروری سامان رکھ کر اس جگہ کوبطور سجاوٹ بھی استعمال کرسکتے ہیں۔
پرانے طرز کی آرائشی اشیا : رواں برس سجاوٹ کیلئے پرانے طرز (ونٹیج لک) کی آرائشی اشیا کا انداز اپنایا جارہا ہے۔ آپ بھی کچن کیبنٹس کی اوپری سطح کو ونٹیج لک دینے کیلئے استعمال کرسکتے ہیں، جس کیلئے وہاں پرانے طرز کی آرائشی اشیا مثلاًروایتی انداز والی ہینگنگ لائٹس اور ڈیکوریشن پیسز کا اضافہ بہترین رہے گا۔ دوسری جانب، اگرآپ کے پاس کچن میں بہت بڑی جگہ موجود ہے توہینگنگ آرٹ کے نام پر فیملی فوٹوز،شیشے،ونٹیج بیکنگ یا کوکنگ ٹولز کااضافہ آپ بلا جھجک کرسکتے ہیں۔
بڑاآرائشی سامان : اگرآپ کے پاس کچن کیبنٹ اور چھت کے درمیان زیادہ جگہ موجود ہے تو وہاں عام یا پھر چھوٹے سائز کا آرائشی سامان رکھنا نامناسب رہے گا کیونکہ ایک اونچی چھت اور کیبنٹس کے درمیان چھوٹے سائز کی اشیا نظر نہیں آئیں گی اور جگہ بھی خالی خالی لگے گی۔ چنانچہ انٹیریئر ماہرین ایسے کچن کیلئے بڑے سائز کے آرائشی سامان کا انتخاب ضروری سمجھتے ہیں۔ سجاوٹ کا یہ انداز آپ کے کچن میں جدید لک فراہم کرنے کیلئے بہترین رہے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسی جگہوں کیلئے بڑے سائزکے آرٹ والے سرامک گلدان کا انتخاب کیا جائے، ہر کیبنٹ کیلئے ایک ہی رنگ اور سائز کے خوبصورت گلدانوں کا انتخاب سود مند رہتا ہے۔
آرٹ گیلری : آرٹ گیلری وال کسی بھی دیوار کو آرائشی اور کلاسیکل لک دینے کیلئے بہترین تصور کی جاتی ہے۔ آرٹ گیلر ی وال ایک ایساسجاوٹی انداز ہے جو برس ہا برس گزرنے کے باوجود بھی اپنی اہمیت برقرار رکھے ہوئے ہے۔ اپنی پسند کے فن پاروں کو آگے پیچھے رکھتے ہوئے کیبنٹس کی اوپری سطح پر ایک گیلری وال تخلیق کی جاسکتی ہے۔ اس حصے کیلئے سیاہ و سفید رنگ کیآئیل پینٹنگز کا مجموعہ یکسانیت پیدا کرنے کیلئے مناسب رہتا ہے۔
پودے :اگرآپ بھی باغبانی میں دلچسپی رکھتے ہیں اور پودوں کی دیکھ بھال کیلئے وقت کی کمی جیسے مسائل کا سامنا بھی نہیں ہے تو کیبنٹس کے اوپر والی جگہ کو استعمال میں لاتے ہوئے یہاں پودے بھی رکھے جاسکتے ہیں۔ یہ ٹرینڈ مغرب میں کافی مقبول ہے، تاہم آپ کچن کیبنٹس کی اوپری سطح کیلئے ایسے پودوں کا انتخاب کیجیے جنہیں سورج کی کم روشنی اور پانی درکار ہوتا ہے۔ دوسری جانب پودو ں کیلئے ایسے گملوں کا انتخاب کیجیے جو کچن سے جدا محسوس نہ ہوں بلکہ وہ اس کا ہی حصہ لگیں۔