’’ کچھ ہاتھ نہیں لگا ‘‘ہوٹل میں سرقہ کا منصوبہ بے سود

   

سارق کا مالک ہوٹل پر ترس ، واٹر باٹل کی رقم کاونٹر پر رکھ کر کیمرہ پر اشارہ
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : شہر کے نواحی علاقہ میں پیش آئے واقعہ میں چور کی حرکت شہر میں موضوع بحث بنی ہوئی ہے ۔ چوری کی غرض سے ہوٹل میں داخل ہونے والے چور نے رحم دلی کا مظاہرہ کیا ۔ ہوٹل مالک کی حالت پر ترس کھاتے ہوئے فریج سے نکالی گئی بوتل کی قیمت کاونٹر پر رکھ دی اور کیمرے کی طرف توجہ مرکوز کرتے ہوئے اشاروں میں بہت کچھ دیا ۔ مہیشورم علاقہ میں پیش آیا ۔ یہ واقعہ توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے ۔ مہیشورم منڈل آفس کے قریب ایک ہوٹل واقع ہے ۔ اس کھانے کی ہوٹل ( مس ) میں رات دیر گئے ایک چور داخل ہوا اور سرقہ کرنے کی کوشش کی تاہم جب اس کے ہاتھ کچھ نہیں آیا تو وہ پریشان ہوگیا ۔ ہوٹل میں نہ ہی سرقہ کے لائق کوئی سامان اس چور کو دکھائی دیا اور نہ ہی رقم تھی جو لوٹ کر لے جانا پوری ہوٹل تلاش کرنے کے بعد شاید چور کو پانی کی ضرورت محسوس ہوئی اور اس نے اپنی پیاس بجھانے کے لیے فریج سے پانی کی بوتل نکالی اور اس بوتل کی قیمت کو ہوٹل کے کاونٹر پر رکھ دیا ۔ چور نے 20 روپئے کی کرنسی نوٹ رکھ دیا اور کیمرے کی طرف دیکھتے ہوئے اشاروں میں کہا کہ اسے کچھ ہاتھ نہیں لگا ۔ گذشتہ ہفتہ پیش آئے اس واقعہ کا ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوا ہے اور شہری اس چور کے متعلق دلچسپ تبصرے کررہے ہیں ۔۔ ع