کڑم پروجیکٹ کی سطح آب میںاضافہ ،پانچ دروازے کھولے دیئے گئے

   

حیدرآباد11جولائی(یواین آئی)تلنگانہ کے ضلع متحدہ عادل آباد میں بارش ہوئی۔بالائی علاقوں میں ہوئی بارش کے نتیجہ میں نرمل ضلع کے کڑم پروجیکٹ کی آبی سطح میں اضافہ ہوگیا ہے جس کے بعد اس کے پانچ دروازے کھولتے ہوئے پانی کو دریائے گوداوری میں چھوڑا گیا۔اس پروجیکٹ کی مکمل سطح آب 700فیٹ ہے تاہم اس کی موجودہ سطح آب 696فیٹ ہوگئی ہے ۔اس میں 34000کیوزک پانی کا بہاو دیکھاگیا جس کے بعد اس سے 29ہزار کیوزک پانی کو خارج کیاگیا۔گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران ناگرکرنول ضلع میں 15سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور نرمل ضلع کے خانہ پور میں 11سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔عادل آباد ضلع کے سیری کونڈاعلاقہ میں دس سنٹی میٹر بارش درج کی گئی۔پداپلی ضلع کے ایلم پلی پروجیکٹ میں آبی سطح میں اضافہ ہوا ہے ۔اس پروجیکٹ میں سات ہزار کیوزک پانی کا بہاو درج کیاگیا۔کالیشورم پروجیکٹ کے لکشمی بیریج کی آبی سطح میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔اس میں 6700کیوزک پانی کا بہاو دیکھاگیا جس کے بعد 69,600کیوزک پانی کو خارج کیاگیا۔اس کے 12دروازے کھولتے ہوئے پانی کو چھوڑاگیا۔