کڑپہ میں عرس شریف حضرت مخدوم الٰہی ؒ

   

کڑپہ۔/15 نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آستانہ مخدوم الٰہی کڑپہ کے سکریٹری بابو بھائی، درگاہ کے منتظم امیر اور قطب الدین نے یہاں آستانہ میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تقاریب عرس شریف حضرت خواجہ سید شاہ عارف اللہ حسینی چشتی القادریؒ کا 16 نومبر سے آغاز ہوگا۔ تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 16 نومبر ہفتہ کو بعد نماز مغرب دی امین ایجوکیشن ٹرسٹ کا سالانہ جلسہ منعقد ہوگا۔ رات 10 بجے صندل شریف کے موقع پر سجادہ نشین آستانہ مخدوم الہی حضرت سید شاہ عارف اللہ حسینی چشتی القادری صندل کی رسم انجام دیں گے۔ رات 10 بجے صندل شریف آستانہ پہنچے گا اور صندل چڑھایا جائے گا۔ اس موقع پر مقامی و بیرونی زائرین کی بڑی تعداد شرکت کرتی ہے۔ بعد ازاں سماع خوانی ہوگی۔17 نومبر اتوار کو ہر سال کی طرح اس سال بھی حکومت آندھرا پردیش کی جانب سے غلاف اور چادر گل پیش کی جائے گی جس میں ضلع کے تمام اعلیٰ سرکاری عہدیدار شرکت کریں گے۔ رات دس بجے سے سماع خوانی ہوگی۔ چاند قادری قوال اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ 18 نومبر پیر کو شام 5 بجے سجادہ نشین تحلیل کے فاتحہ پیش کریں گے ۔ رات 10 بجے کُل ہند سالانہ نعتیہ و منقبتی مشاعرہ کا اہتمام ہوگا۔20 نومبر کو تقاریب کا اختتام ہوگا۔ چادر گل کا جلوس نکالا جائے گا جو شہر کی مختلف سڑکوں سے ہوتا ہوا آستانہ پہنچے گا۔ سجادہ نشین حضرت عارف اللہ حسینی تمام تقاریب کی نگرانی کریں گے۔