کھانسی کا شربت بنانے والی 6 کمپنیوں کا لائسنس منسوخ

   

ممبئی: مہاراشٹرا میں کھانسی سیرپ یعنی کھانسی کا شربت بنانے والی 6 کمپنیوں کا لائسنس منسوخ کر دیا گیا ہے۔ یہ قدم مہاراشٹرا حکومت نے اس وقت اٹھایا جب پتہ چلا کہ یہ کمپنیاں لائسنس کے اصولوں پر عمل نہیں کر رہی ہیں۔ حکومت نے اسمبلی میں اس تعلق سے جانکاری دی اور بتایا کہ لائسنس اصولوں کی خلاف ورزی کے الزام میں ان کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ فوڈ اینڈ ڈرگز کے وزیر سنجے راٹھوڑ نے آشیش شیلار اور دیگر کے ’توجہ دلاؤنوٹس‘ کا جواب دیتے ہوئے یہ جانکاری دی۔سنجے راٹھوڑ نے اسمبلی میں بتایا کہ مہاراشٹرا حکومت نے ریاست میں کف سیرپ کے 108 مینوفیکچررس میں سے 84 کے خلاف جانچ شروع کی ہے۔ ان میں سے 4 کو مینوفیکچرنگ بند کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ 6 کمپنیوں کے لائسنس کومنسوخ کر دیا گیا ہے۔
ایک خبر رساں ایجنسی کے مطابق سنجے راٹھوڑ کا کہنا ہے کہ اصولوں کی خلاف ورزی کے لیے 17 فرموں کو ’وجہ بتاو? نوٹس‘ جاری کیا گیا ہے۔ جب شیلار نے گامبیا میں 66 بچوں کی موت کا تذکرہ کیا، تو اس معاملے میں ریاستی وزیر نے کہا کہ اس کیس میں جو کمپنی اصولوں کی خلاف ورزی کے الزام کا سامنا کر رہی تھی، وہ ہریانہ میں واقع تھی اور مہاراشٹر میں اس کی ایک بھی مینوفیکچرنگ یونٹ نہیں تھی۔