انسان ہزاروں سال سے کھجور کھاتا رہا ہے اور اب بھی یہ مقبول ترین میوہ توانائی سے بھرپور غذا کے درجے پر موجود ہیں۔ماہرین نے مزید تحقیق کر کے کھجور کے لاتعداد فوائد پیش کئے ہیں۔یہ کئی امراض سے بچاتی ہے اور غذائی کمی کو پورا کرتی ہے۔ وٹامن اور غذائیت:کھجور وٹامن کا خزانہ ہے جس میں کل چھ وٹامن پائے جاتے ہیں۔ اس میں وٹامن سی کی مقدار کم ہوتی ہے لیکن وٹامن بی ون (تھایامن)،وٹامن بی ٹو (رائبوفلیون)،نیکوٹینک ایسڈ اور وٹامن اے بڑی تعداد میں موجود ہوتے ہیں۔اس میں ریشے (فائبر) دار اجزاء پائے جاتے ہیں جبکہ پوٹاشیم،میگنیشیم،تانبہ،سیلینیئم اور دیگر اہم معدنیات بھی موجود ہوتی ہیں۔اس کے علاوہ گلوکوز اور فریکٹوز والی شکریات بھی موجود ہیں۔یہی وجہ ہے کہ کھجور فوری طور پر توانائی پہنچاتی ہے اور پیٹ بھرنے کا احساس بڑھاتی ہے۔ عربی اطباء نے اسی بنیاد پر اسے مکمل غذا بھی قرار دیا ہے۔ صبح کے وقت کھجور کھائیں تو اس سے پورے دن توانائی بحال رہتی ہے اور شکم سیری کا احساس موجود رہتا ہے ۔ اینٹی آکسیڈنٹس :کھجوروں میں اینٹی آکسیڈنٹس کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے جو خلوی سطح پر شکست اور خرابی کو روکتے ہیں۔ اینٹی آکسیڈنٹس غذائیں ہمیں اندرونی سوزش (انفلیمیشن)،امراضِ قلب اور کینسر سے بھی بچاتی ہے ۔ ایک قدرے پرانی تحقیق سے عیاں ہیں کہ کھجور میں پولی فینولز نامی اینٹی آکسیڈنٹس کیمیکل ذیابیطس ، اعصابی تنزلی اور سرطان سے محفوظ رہتے ہیں۔پھر فائبر کی وجہ سے کھجور پورے نظام ہاضمہ کو قوی بناتی ہے ۔ ڈاکٹر ایلیسن کے مطابق فائبر بدہضمی،گیس اور قبض کو ختم کرتی ہے اور غذا کو جزو بدن بنانے میں مدد دیتی ہے ۔کھجور اور قلبی صحت :اینٹی آکسیڈنٹس اور فائبر کی بناء پر کھجور دل کیلئے ایک مفید پھل ہے۔کئی تحقیقات میں دیکھا گیا ہے کہ کھجور کھانے سے کولیسٹرول معمول پر رکھنے میں مدد ملتی ہے جس سے بلڈ پریشر،ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ کم ہو سکتا ہے۔ماہرِ غذائیات پروفیسر اینڈرسن ہائنز کے مطابق کھجور میں موجود پوٹاشیم اور میگنیشیم دل کو توانا اور بیماریوں سے محفوظ رکھتے ہیں۔