نئی دہلی، 5 دسمبر (یو این آئی) کانگریس پارٹی نے جمعہ کے روز کہا کہ راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملک ارجن کھرگے اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی کو آج رات روسی صدر ولادیمر پوتن کے اعزاز میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی طرف سے دی جانے والی ڈنر پارٹی میں مدعو نہیں کیا گیا۔ کانگریس میڈیال سیل کے انچارج جے رام رمیش نے ایک بیان میں کہا کہ کھرگے اور راہول گاندھی کو صدر جمہوریہ کی طرف سے دی گئی ڈنر پارٹی میں شرکت کیلئے مدعو نہیں کیا گیا۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھا کہ یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ کیا لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر کو آج رات پوتن کے اعزاز میں دیے جانے والے سرکاری عشائیہ میں مدعو کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ایوانوں کے اپوزیشن لیڈروں کو مدعو نہیں کیا گیا ہے ۔