کھرگے اور سونیا نے نہرو کو خراج عقیدت پیش کیا

   

نئی دہلی ۔ 14 نومبر (یو این آئی) کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے اور کانگریس پارلیمانی پارٹی کی سربراہ سونیا گاندھی نے آج سابق وزیراعظم جواہر لال نہرو کو ان کے 136 ویں یوم پیدائش پر ان کی سمادھی شانتی ون میں پھول پیش کرکے خراج عقیدت پیش کیا ۔ کھرگے اور سونیا گاندھی پنڈت نہرو کی سمادھی شانتی ون پہنچے اور ملک کے پہلے وزیر اعظم کو ان کے 136 ویں یوم پیدائش پرگلہائے عقیدت نذر کئے ۔ کانگریس ہائی کمان نے پارٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اور کئی دیگر سینئر لیڈروں کے ساتھ پنڈت نہرو کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا ۔ اس موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کھرگے نے کہا کہ ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت ، جنہوں نے آزادی کے بعد ایک مضبوط ، جدید اور ترقی پسند ملک کی بنیاد رکھنے میں غیر معمولی تعاون کیا ۔ پنڈت نہرو کے خیالات ، اقدار اور وژن آج بھی ہمارے لیے تحریک کا ذریعہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہر ہندوستانی جدید ہندوستان کے بانی، اداروں کے معمار،’ہند کے جواہر‘ کے جمہوری ،سب کی شمولیت والے ، نڈر اور ترقی پسند ہندوستان کے خواب کو جی رہا ہے ۔ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنڈت نہرو نے اپنی بصیرت اور بے خوف قیادت سے آزاد ہندوستان میں آئینی اور جمہوری اقدار کی بنیاد رکھی اور ملک کو ایک نئی سمت دی ۔ ان کے نظریات اور اقدار آج بھی ہمیں تحریک دیتے ہیں ۔ ’ ہندوستان کے جواہر‘ کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت ۔