نئی دہلی، 12 جون (یواین آئی) کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے کہا ہے کہ امریکی فوج کی طرف سے جنرل منیر کو آرمی ڈے پر مدعو کرنا اور پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مضبوط اتحادی قرار دینا اور بنگلہ دیش میں رابندر ناتھ ٹیگور کی رہائش گاہ کو نذر آتش کرنا انتہائی تشویشناک ہے ۔ کھرگے نے جمعرات کو کہاکہ بین الاقوامی سطح پر ہمارے لیے دو واقعات انتہائی تشویشناک ہیں – امریکی سینٹرل کمان کے کمانڈر کا پاکستان کو ’دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مضبوط اتحادی ‘قرار دینا اور پھر پاکستانی آرمی چیف کو امریکی فوج کی 250ویں سالگرہ پر مدعو کرنا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ دوسرا بڑا واقعہ بنگلہ دیش میں پیش آیا ہے جہاں فسادیوں نے گرودیو رابندر ناتھ ٹیگور کے آبائی گھر کو آگ لگا دی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ امر سونار بنگلہ – بنگلہ دیش کے قومی ترانے کے خالق گرودیو رابندر ناتھ ٹیگور کے سراج گنج، بنگلہ دیش میں آبائی گھر میں توڑ پھوڑ کی گئی ہے ۔