حیدرآباد 9اگست(یواین آئی) صدر کانگریس ملکارجن کھرگے کے 18 اگست کو تلنگانہ کے دورہ کی اطلاع ہے ۔ ذرائع کے مطابق وہ ریاست میں کانگریس پارٹی کو بنیادی سطح سے مستحکم کرنے پر توجہ دے رہے ہیں۔ علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد کانگریس پارٹی تلنگانہ میں دو بار اقتدار سے محروم ہوئی۔اس بار کانگریس پارٹی تلنگانہ میں اقتدار میں آنے کیلئے پرعزم ہے ۔ پارٹی اس سمت حکمت عملی تیار کررہی ہے۔ ملکارجن کھرگے نے مختلف ریاستوں میں انتخابات کے سلسلہ میں پارٹی لیڈر راہول گاندھی سے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔ تلنگانہ میں انتخابی حکمت عملی، پارٹی کی صورتحال اور دیگر جماعتوں کی طاقت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ کھرگے، قائدین سے مختلف امور پر بھی بات چیت کریں گے۔ کانگریس کو امید ہے کہ کرناٹک کی طرح تلنگانہ میں بھی وہ اقتدار میں آئے گی۔