نئی دہلی، 13 اگست (یو این آئی) کانگریس رکنِ پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا نے اتراکھنڈ میں کانگریس کی ریلی میں پارٹی صدر ملکارجن کھرگے کے خطاب کے بعد اسٹیج کی تطہیر (شُدّھی کرن) کے معاملے پر سخت اعتراض ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی سے اس معاملے میں جواب مانگا ہے ۔ شریمتی واڈرا نے جمعرات کے روز پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کا عمل اور ایسی سوچ بی جے پی اور آر ایس ایس کی نظریاتی سوچ کو ظاہر کرتی ہے ۔ اس طرح کی سوچ بے حد شرمناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تنگ نظری کو مسترد کیا جانا چاہیے ، یہ کیا طریقہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی کو اس واقعے کی مذمت کرنی چاہیے اور معافی مانگنی چاہیے ۔ کھرگے نے اسے خود کا اور دلت برادری کی توہین بتایا ہے اور چھوت چھات جیسا عمل قرار دیا ہے ۔ اس مسئلے پر راجیہ سبھا میں کافی ہنگامہ ہوا اور قائد ایوان جے پی نڈا نے اس واقعہ کی مذمت کی اور کارروائی کا یقین دلایا۔ قابلِ ذکر ہے کہ ایسی خبریں ہیں کہ 8 اگست کو ہلدوانی کے رام لیلا میدان میں کانگریس کی ریلی میں کھرگے کے خطاب کے بعد اسٹیج کو دھویا گیا اور تطہیر کیلئے ہون کیا گیا۔