کھلاڑیوں کو فٹنس بہتر بنانے کوچ گوپی چند کی ہدایت

   

حیدرآباد ۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) قومی کوچ پولیلا گوپی چند چاہتے ہیں کہ ان کے کھلاڑی رواں سیزن ہونے والے دیگر ٹورنمنٹس میں اپنی فٹنس میں بہتری لاتے ہوئے فتوحات حاصل کریں۔ سائنا نہوال وہ واحد ہندوستانی کھلاڑی ہیں جنہوں نے رواں سیزن خطاب حاصل کیا ہے۔ جیسا کہ انہوں نے انڈونیشیا ماسٹرس میں خطاب اس وقت حاصل کیا جب ان کی حریف کھلاڑی اسپین کی کیرولینا مارن زخمی ہوکر مقابلے سے دستبردار ہوئی تھیں۔ سائی پرنیت، کڈمبی سریکانت خطابات حاصل کرنے کے قریب پہنچے تھے لیکن ان کھلاڑیوں کو بالترتیب بارسلونا اسپین ماسٹرس اور انڈیا اوپن سوپر سیریز کے فائنل میں شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ رواں برس ہندوستانی کھلاڑیوں کے مظاہروں کے ضمن میں کئے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے گوپی نے کہا کہ میں نے گزشتہ چند دنوں کے دوران تمام کھلاڑیوں سے تبادلہ خیال کیا ہے اور اب ان کی ٹریننگ جاری ہے لہذا میں نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ زخموں سے صحت یابی کے بعد فٹنس کو بہتر بنانے پر تمام تر توجہ مرکوز کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ ماہ ہمیں انڈونیشیا، جاپان، تھائی لینڈ میں ٹورنمنٹس کھیلنے ہیں لہذا امید کی جارہی ہے کہ ان ٹورنمنٹس میں قومی کھلاڑی خطاب حاصل کریں گے۔