کھلاڑیوں کے فام اور فٹنس سے آسٹریلیا پریشان

   

میلبورن ۔ کرکٹ آسٹریلیا آئی پی ایل میں اپنے کرکٹرز کے فٹنس مسائل اور ناقص فارم سے پریشان ہوگیا ہے ۔ آل راؤنڈر مچل مارش آئی پی ایل میں عضلات میں جکڑن کا شکار ہوئے ہیں، ان کو کرکٹ آسٹریلیا نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل کپتان نامزدکرنا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا مچل مارش کی تکلیف کی وجہ سے پریشان ہے، ان کا اسکین کروایاگیا ہے ایک ہفتے میں زخم کی نوعیت سامنے آئے گی۔ کرکٹ آسٹریلیا کے میڈیکل اسٹاف کو رابطے میں رکھا جائے گا، مچل مارش کے ورلڈ کپ سے قبل آرام کے لیے آئی پی ایل سے دستبردار ہونے کا فیصلہ نہیں ہوا۔ آئی پی ایل میں گلین میکسویل اور کیمرون گرین اب تک متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے، کیمرون گرین کی فارم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ میں شمولیت کی راہ میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔ آسٹریلیائی بولروں میں مچل اسٹارک آئی پی ایل کے آغاز میں مہنگے ترین بولر ثابت ہوئے جبکہ پیٹ کمنز اچھی کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔