چیف منسٹر ہریانہ کھٹر کا انتباہ ، گروگرام میں نماز جمعہ پر پھر احتجاج
گرگاؤں : چیف منسٹر ہریانہ منوہر لال کھٹر نے آج کہا کہ کھلے مقامات پر نماز نہیں پڑھنا چاہئیے اور اس رجحان کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بعض مقامات کو نماز کیلئے مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن اب اس سے دستبرداری اختیار کی جاچکی ہے ۔ آج جمعہ کو گروگرام میں دائیں بازو کے ہندو گروپوں نے پھر ایک بار اُس مقام پر مخالف مسلم نعرے لگائے اور وہاں نماز جمعہ کی ادائیگی پر احتجاج کیا ۔ ہندوتوا کے کئی گروپ اس موقع پر گروگرام کے سیکٹر 37 میں جمع ہوگئے اور وہاں ادائیگی نماز کیخلاف مخالف مسلم نعرے بازی کی ۔ چیف منسٹر کھٹر سے گزشتہ چند ہفتوں کے دوران گرگاؤں میں نماز جمعہ کی ادائیگی میں بار بار خلل کے تعلق سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ پولیس اور متعلقہ حکام کو اس مسئلہ کی یکسوئی کیلئے ہدایت دی گئی ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی اس معاملہ کا حل نکالا جائے گا ۔ تاہم انہوں نے یہ انتباہ بھی دیا کہ کھلے مقامات پر نماز نہیں پڑھنا چاہئیے اور اس رجحان کو ہریانہ میں برداشت نہیں کیا جائے گا ۔