حیدرآباد 8 ستمبر (سیاست نیوز) کھمم کے نوجوان الیش بابو نے چھ لاکھ پچاس ہزار روپئے کے خرچ سے گاڑی پر انٹرنیٹ کیفے شروع کی ہے جو کھمم میں توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ چلتی پھرتی انٹرنیٹ کیفے میں ٹراویل ٹکٹ بُک کئے جاسکتے ہیں۔ منی ٹرانسفر کی سہولت ہے۔ ڈاکومنٹس کا پرنٹ آؤٹ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ فون ری چارج کیا جاسکتا ہے۔ الیش بابو اپنے موبائیل انٹرنیٹ کیفے سے ہر مہینہ تیس ہزار روپئے کمارہے ہیں۔ الیش بابو کو گاڑی پر انٹرنیٹ کیفے قائم کرنے کا خیال اُس وقت آیا جبکہ وہ نوکری کے لئے انٹرویو دینے والے تھے۔ انھیں اپنی ڈاکومنٹ کی فوٹو کاپی کرانا تھا، لائٹ بند ہونے کی وجہ سے وہ ایسا نہیں کرسکے اور اس طرح نوکری حاصل کرنے سے محروم رہ گئے۔
