پروفیسر کودنڈا رام کا الزام، تلنگانہ کو بچانے عوام متحد ہوجائیں
حیدرآباد۔19۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ جنا سمیتی سربراہ پروفیسر کودنڈا رام نے الزام عائد کیا کہ کھمم جلسہ میں کے سی آر کو جئے تلنگانہ کا نعرہ لگانے میں شرم محسوس ہوئی ہے۔ کے سی آر نے تلنگانہ جدوجہد سے اقتدار حاصل کیا لیکن آج تلنگانہ کو فراموش کرچکے ہیں۔ کودنڈا رام نے تلنگانہ سے ناانصافیوں کے خلاف دہلی میں احتجاج کا پوسٹر اور پمفلیٹس جاری کیا۔ چلو دہلی پروگرام کے تحت احتجاج منظم کیا جائے گا۔ کودنڈا رام نے کہا کہ کے سی آر نے تلنگانہ عوام سے وعدوں کو فراموش کردیا ہے۔ کرشنا کے پانی میں تلنگانہ کا حصہ حاصل کرنے میں حکومت ناکام ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کے قول و فعل میں تضاد ہے ، لہذا ان پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔ کودنڈا رام نے کہا کہ کے سی آر نے خانگیانے کی مخالفت کرکے بی جے پی کو نشانہ بنایا لیکن تلنگانہ میں آر ٹی سی کو خانگیانے کی کوشش کی جس پر 50 ورکرس نے خودکشی کرلی۔ انہوں نے کہا کہ بودھن میں نظام شوگر فیکٹری کی کشادگی سے حکومت کو دلچسپی نہیں ہے ۔ کے سی آر نے عثمانیہ یونیورسٹی کو ترقی دینے کا اعلان کیا لیکن قریبی افراد کو 7 خانگی یونیورسٹیز کی منظوری دی ۔ کودنڈا رام نے کہا کہ خانگی اداروں کی حوصلہ افزائی میں کے سی آر اور مودی دونوں برابر ہیں۔ کھمم جلسہ میں کے سی آر کی اصلیت منظر عام پر آگئی جبکہ انہوں نے جئے تلنگانہ کا نعرہ لگانے سے گریز کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے تحفظ کیلئے عوام کو متحدہ جدوجہد کیلئے تیار ہونا چاہئے۔ر