کھیل کود میں حصہ لینے سے مسابقتی صلاحیتوں میں اضافہ

   


کیندریہ ودیالیم بھونگیر میں کھیلوں کی افتتاحی تقریب سے ضلع کلکٹر پامیلا کا خطاب

بھونگیر۔/19نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع کلکٹر پامیلا ستپاتھی نے کہا کہ پڑھائی کے ساتھ ساتھ کھیل کود بھی طالب علمی کے دور میں ضروری ہے جس سے طلبہ مسابقت میں اضافہ ہوتا ہے۔جمعہ کو بھونگیر میں کیندریہ ودیالیم کے ساتویں تا دسویں جماعت کے طلباء کے لیے کھیلوں کے مقابلے کا انعقاد عمل میں آیا۔اس موقع پرضلع کلکٹر جو مہمان خصوصی تھے نے قومی پرچم لہرا کر کھیلوں کا افتتاح کیا۔اس موقع پر انہوں نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پڑھائی کے ساتھ کھیل کود بھی ضروری ہیں، کھیل کود میں صرف جیت اور ہار کیلئے حصہ لینا نہیں ہے بلکہ کھیل کود کے ذریعہ طلبہ اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کیلئے شرکت ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ کھیل کود میں صرف جسمانی ہی نہیں بلکہ ذہنی طاقت اضافہ ہوتا ہے طلبہ میں مسابقت بڑھتی ہے اور تمام شعبوں میں سبقت لے جاتی ہے، ہر کسی کو کھیلوں میں حصہ لینا چاہیے۔ طالب علم کے مرحلے میں والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو کھیلوں میں حصہ لینے کی ترغیب دیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ طالب علمی کے مرحلے میں بغیر کسی دباؤ کے کھیلوں پر توجہ دے سکتے ہیں، میری خواہش ہے کہ آپ طالب علمی کے مرحلے سے خوشگوار لطف اندوز ہوں، آپ کا مستقبل بہت روشن ہو اور آپ سب بڑے ہوں۔اس موقع پر ضلع کلکٹر نے علاقائی سطح پر گولڈ میڈل جیتنے والی اور قومی سطح پر حصہ لینے والی ہرینی ریڈی اور حیدرآباد میں علاقائی سطح پر جیولن تھرو میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی کوشل ریڈی کو مبارکباد دی۔قومی ہاکی کھلاڑی ایاکت علی خان، ڈسٹرکٹ گزیٹیڈ ایمپلائز اسوسی ایشن کے صدر منڈی اوپیندر ریڈی، ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر دھننجے، گورنمنٹ جونیئر کالج کے پرنسپل چندر کلا، والدین کمیٹی ممبر جیوتی، والدین اور دیگر نے پروگرام میں حصہ لیا۔