صبح الارم بجنے سے پہلے ہی اٹھ جانا، میگزین ہاتھ میں لئے پرسکون انداز میں چائے سے لطف اندوز ہونااور کم ازکم آدھا سے ایک گھنٹہ ماہرانہ انداز میں میک اَپ کرنے کے بعد آفس چلے جانا، عام طور پر یہ سب ورکنگ ویمن کیلئے یہ ایک خواب کی مانند ہی ہوتا ہے۔ روزمرہ مصروفیات میں اگرنیند پوری نہ ہو تو ورکنگ ویمن کیلئے صبح کا اتنا خوبصورت اور پرسکون آغاز مشکل ہی نظر آتاہے، کیونکہ حقیقت میں ورکنگ ویمن کی صبح الارم کی پہلی یا دوسری نہیں بلکہ تیسری، چوتھی یا بعض اوقات پانچویں بیل پر ہوتی ہے۔ دیر سے اُٹھنے کے باعث ہڑبڑاہٹ میں کیا گیا میک اَپ اورچائے یا کافی کے چند گھونٹ پی کر دفتر جانا ورکنگ ویمن کی اکثریت کا معمول ہوتا ہے۔ خواتین دفتر جاتے ہوئے گاڑی میں بیٹھ کر میک اَپ درست کرتی ہیںاور انھیں ہربار یہی بات ستاتی ہیکہ اگر جلدی اُٹھتی تو اچھے طریقے سے تیاری کرپاتی۔ وقت کی قدروقیمت کے بجائے آج ہم بات کریں گے ان میک اَپ ٹرکس کی، جو آپ کومیک اَپ کا ٹائم نہ ہوتے ہوئے بھی خوبصورت دکھاسکتی ہیں، تو آئیے جانتے ہیں کہ یہ کیسے ممکن ہے۔
جِلد کو تیار کریں : ایک پرفیکٹ لُک کیلئے جو چیز سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے، وہ یہ کہآپ اپنی جِلد کو میک اَپ کیلئے کیسے تیار کرتی ہیں۔ اگرآپ کی جِلد چکنی ہے اورآپ کے پاس صبح کلینزنگ کرنے کا وقت نہیں تو صبح گھر سے نکلنے سے پہلے پرائمر کی تھوڑی سی مقدار چہرے پر لگالیںاور کلینزنگ وائپس اپنے پرس میں رکھیں۔ پھر چاہے آپ فلائٹ میں ہوں یا دفتر میں، یہ پرائمر آپ کی جِلد کو صاف ستھرا اور جراثیم سے پاک رکھنے میں مدد فراہم کرے گا۔بازار میں موئسچرائزر اور لوشن کی بھرمار ہے مگر آپ معیاری موئسچرائزر کا انتخاب کریں۔ موئسچرائزر کا کام چہرے کی جِلد کو نرم اور ملائم رکھنا ہوتا ہے، جسے فاونڈیشن اور بیس سے قبل لگایا جاتا ہے۔ گویا یہ جِلد اور باہر کے گردوغبار کے درمیان ایک دیوار کی طرح کام کرتا ہے۔
اسفنج یا فاونڈیشن برش : آپ کے ڈریسنگ روم میں یا ڈریسنگ ٹیبل پر فاونڈیشن اپلائی کرنے کیلئے بیشتر برش موجود ہوں گے یا پھر ہوسکتا ہے آپ ہاتھوں سے فاونڈیشن لگانے کے ماہرانہ انداز سے بھی واقف ہوں لیکن اگروقت کم ہو تو فاونڈیشن برش یا انگلیوںسے لگانے کے بجائے فاونڈیشن اسفنج کا استعمال کریں۔
فاونڈیشن ،کنسیلر اور ہائی لائٹر : آپ کی ہینڈ بیگ میک اَپ کٹ آپ کی ڈریسنگ ٹیبل کٹ سے قدرے مختلف کومبو اسٹائل میں ہونی چاہیے۔ خواتین عام طور پر پرس میں رکھنے کیلئے فاونڈیشن اور کنسیلر کے کومبو کا انتخاب کرتی ہیں، تاہم اس کے ساتھ آپ ہائی لائٹر کا انتخاب لازمی کریں۔ ہائی لائٹر سے سیکنڈوں میں بھنوئوں کی ہڈی، رخساروں اور آنکھوں کے اندرونی گوشوں کو ہائی لائٹ یا نمایاں کیا جاتا ہے، پھر کوئی وجہ نہیں کہ آپ کیآنکھیں بڑی نہ دکھائی دیں۔ ہینڈ بیگ کٹ کیلئے ہائی لائٹر برش کا استعمال مناسب نہیں، پاوڈر ہائی لائٹر ہاتھ کی انگلیوں سے بھی خوبصورت انداز میں اپلائی کیاجاسکتا ہے۔
کنٹورنگ : صبح سے لے کر ایک طویل دن کے اختتام تک فریش اور ایکٹونظر آنے کیلئے کنٹورنگ پر بھی توجہ دیں۔اس سے چہرہ پُرکشش بن جاتا ہے۔ ریڈ کارپیٹ کی تقریبات میں بہت سی مشہور شخصیات کی خوبصورتی کا بھی یہی راز ہوتا ہے۔کنٹورنگ کیلئے کنٹورنگ اسٹک اور پاوڈر کا استعمال کیاجاتا ہے۔ ہینڈ بیگ میک اَپ کٹ کیلئے چونکہ فاونڈیشن اسٹک ایک یا دو گہرے یا ہلکے شیڈکے ساتھ ہی استعمال کی جاتی ہے، اس لیے ان شیڈ ز کو آپ کی اسکن ٹون کی مناسبت سے منتخب کی گئی کنٹورنگ اسٹک کے ساتھ بلینڈ کیا جاسکتا ہے۔ چہرے کو پتلا اور لمبا ظاہر کرنے کیلئے رخساروں سے لے کر Jaw Line کی طرف دولائنیں لگائیں، پھر اسے اس طرح جذب کریں کہ فیس بیس کے ساتھ مکس بھی نہ ہو اور زیادہ نمایاں بھی نہ لگے۔ اگر کسی کی ناک موٹی ہوتو وہ کنٹو رنگ لازمی کرے تاکہ ناک پتلی اور لمبی نظرآئے ، کنٹو رنگ کے ذریعے ڈبل چن کوبھی چھپایاجاسکتا ہے۔
کیا آپ کے پاس میک اپ کا وقت نہیں؟ : آخری مرحلہ میں ہائی لائٹر کے ساتھ لپ اِسٹک کیلئے بولڈ کلر کا انتخاب کیجیے۔ ہائی لائٹر کا ہلکا سا ٹچ گالوں کے اوپری حصے پر لگائیں۔ لیجیے آپ ایک طویل دن کا مقابلہ ماہرانہ میک اَپ اور فریشنس کے ساتھ کرنے کیلئے تیار ہیں۔