کیا امریکی پاپا نے واررکوادی ، کانگریس کا طنز

   

نئی دہلی ، 14 مئی(ایجنسیز) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کرانے کے دعویٰ کے اعادہ کے بعد کانگریس نے چہارشنبہ کے دن پوچھا کہ ’’باتونی‘‘ وزیراعظم مودی اور وزیر خارجہ ایس جئے شنکر کا اس انکشاف پر کیا کہنا ہے۔ منگل کے دن سعودی عرب میں ٹرمپ نے پھر دعویٰ کیاتھا کہ ان کے نظم ونسق نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتے تشدد کی روک تھام کیلئے کامیاب ثالثی کے ذریعہ تاریخی جنگ بندی کرائی۔کانگریس لیڈر جئے رام رمیش نے کہا کہ چند دن قبل ہمیں امریکی صدر سے پاکستان کے ساتھ ہمارے ملک کی جنگ بندی کا پتہ چلا تھا۔ اب ایک پبلک ایونٹ میں ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے اس لڑائی بندی کیلئے ہندوستان کو مجبور اور بلیک میل کیا۔ کانگریس قائد نے ایکس پر کہا کہ بڑبولے وزیراعظم کو اس انکشاف پر کیاکہنا ہے؟ کیا ان لوگوں نے امریکہ کے دباؤ میں ہندوستان کے سیکوریٹی مفادات کو رہن رکھ دیا؟۔ ’’امریکی پاپا نے وار رکوادی کیا؟‘‘۔ کانگریس ایک اشتہار کے حوالہ سے بی جے پی پر طنز کررہی تھی جس میں گزشتہ برس دعویٰ کیا گیا تھا کہ وزیراعظم مودی نے روس۔ یوکرین جنگ رکوادی۔ ایک بیرونی ملک میں پھنسی ایک طالبہ کو دکھایا گیا تھا جو ایرپورٹ کے باہر اپنے ماں باپ سے ملاقات کے بعد کہتی ہے ’’میں نے کہا تھا نا‘ کیسی بھی سچویشن ہو‘ مودی جی ہمیں گھر لے آئیں گے‘ وار رکوادی پاپا اور پھر ہماری بس نکلی پاپا‘‘۔