نئی دہلی: نوجوت سنگھ سدھو ہمیشہ پنجاب کانگریس کیلئے مسائل پیدا کرتے رہے ہیں۔ ایک طرف پنجاب میں کانگریس لوک سبھا انتخابات کیلئے عام آدمی پارٹی کے ساتھ اتحاد کے محاذ پر رسہ کشی میں مصروف ہے تو دوسری طرف نوجوت سنگھ سدھو نے کانگریس کیلئے ایک نیا چیلنج کھڑا کر دیا ہے۔ سدھو پارٹی کی اہم میٹنگوں میں بھی شرکت نہیں کر رہے ہیں جس سے پنجاب کانگریس یونٹ پریشان ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کانگریس نے سدھو کی شکایت براہ راست کانگریس ہائی کمان سے کی ہے۔اطلاعات ہیں کہ کانگریس کی پنجاب یونٹ کے کئی سینئر لیڈروں نے سدھو کے رویہ پر ناراضگی ظاہر کی ہے۔ان لیڈروں نے کانگریس ہائی کمان کو ایک خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ سدھو کیخلاف ڈسپلن کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے۔ نوجوت سنگھ سدھو پنجاب کانگریس کی الیکشن کمیٹی کے رکن ہیں پھر بھی وہ یکم فروری کو ہونے والی میٹنگ میں شریک نہیں ہوئے بلکہ ایک الگ میٹنگ بھی کی تھی جس کی تصاویر بھی انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کی تھیں۔ خیال رہے کہ اس سے پہلے موگا میں پارٹی کی اجازت کے بغیر سدھو کا جلسہ منعقد کرنا بھی تنازعات کا حصہ ہے۔سدھو آج کل سوشل میڈیا پر فنی اعتبار سے ناقص شاعری(تک بندی ) کر رہے ہیں۔ حال ہی میں سدھو نے ایکس پر لکھا کہ یہ غلبہ، یہ طاقت، یہ نشہ، یہ دولت! ہر کوئی کرایہ دار ہے اور گھر بدلتا رہتا ہے۔ ایسے میں سوال اٹھ رہا ہے کہ کیا نوجوت سنگھ سدھو ایک بار پھر ا پنی وفاداری بد ل سکتے ہیں؟۔
