جامع مسجد دہلی کو عوام کیلئے ایک بار پھر بند کئے جانے کے بعد مختلف قیاس آرائیاں
حیدرآباد۔11جون(سیاست نیوز) ملک میں مذہبی مقامات کو دوبارہ بند کردیا جائے گا!جامع مسجد دہلی کے امام سید احمد بخاری کی جانب سے جامع مسجد دہلی کو دورباہ عوام کیلئے بند کردیئے جانے کی تجویز اور عوامی رائے حاصل کرنے کے بعد جامع مسجد دہلی کو 30 جون تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اور اب کہا جانے لگا ہے کہ ملک کے کئی اہم شہروں میں دوبارہ مذہبی مقامات کو بند کرنے کے سلسلہ میں مذہبی پیشواؤں کی جانب سے اپنے طور پر فیصلہ کیا جائیگا ۔ سید احمد بخاری کے مددگار خاص کی کورونا سے دہلی کے صفدر جنگ ہاسپٹل میں موت کے بعد انہوں نے جامع مسجد کو عوام کیلئے کھولے جانے کے فیصلہ پر از سر نو غور کی ضرورت پر زور دیا تھا ۔ اس سلسلہ میں عوامی رائے ضرورت ظاہر کی تھی ۔ دہلی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کے علاوہ اموات کی شرح میں اضافہ ریکارڈکیا جانے لگا ہے۔ دہلی میں 11جون تک جملہ 34ہزار687 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے اور 1085 افراد کی موت واقع ہوچکی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق اب بھی دہلی میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد جو دواخانو ںمیں زیر علاج ہیں20 ہزار 871ہے۔ تاریخی جامع مسجد دہلی کو دوبارہ عوام کیلئے بند کرنے کے بعد ملک بھر میں دوبارہ مذہبی مقامات کو عوام کیلئے بند کرنے کے سلسلہ میں قیاس آرائیاں شروع ہوچکی ہیں۔