۔65 سال سے زائد عمر کے ا فراد پر تحدیدات، آنند شرما کا سوال
نئی دہلی۔20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے رکن آنند شرما نے سوال کیا کہ آیا پارلیمنٹ کو اس قانون سے استثنیٰ حاصل ہے جو 65 سال سے زائد عمر کے افراد کو گھر سے باہر نکلنے سے روکنے کے لیے حکومت کی طرف سے وضع کردہ قانون اس (پارلیمنٹ) نے منظور کیا تھا۔ راجیہ سبھا میں وقفہ صفر کے دوران یہ سوال اٹھاتے ہوئے آنند شرما نے کہا کہ ملک کے قانون کے احترام کے بارے میں پارلیمنٹ کیا مثال قائم کررہی ہے کیوں کہ صدر نشین ایوان ایم وینکیا نائیڈو اور خود وہ (شرما) دونوں ہی 65 سال سے زائد عمر کے ہیں اور حکومت کا اعلامیہ جاری کئے جانے کے باوجود پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کررہے ہیں۔ آنند شرما نے کہا کہ ’’65 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کو نہیں آنا چاہئے۔ میں بھی 65 سال سے زائد عمر کا ہوں۔ عزت مآب صدر نشین بھی زائد از 65 سال عمر کے ہیں۔ 65 سال سے زائد عمر کے اور بھی کئی ارکان ہیں چنانچہ اعلامیہ کی اجرائی کے بارے میں حکومت کونسی مثال قائم کرنا چاہتی ہے۔ صدرنشین نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ یہ قواعد خدمات پر مامور سرکاری اہلکاروں پر نافذ العمل نہیں ہوتے۔ وینکیا نائیڈو نے ہلکی مسکراہٹ اور بذلہ سنجی کے ساتھ کہا کہ مجھے یا آپ کو کچھ نہیں ہوگا۔ خدا آپ پر مہربانی فرمائے۔‘‘
