ممبئی، اکتوبر (یو این آئی) خصوصی سیبی عدالت نے مشہور اسٹاک بروکر کیتن پاریکھ کی بیرون ملک سفر کرنے کی درخواست کو مسترد کردیا ہے ۔ پاریکھ نے 4 اکتوبر 2025 سے فروری 2026 تک برطانیہ، متحدہ عرب امارات، قطر، سنگاپور، تھائی لینڈ، سری لنکا، جنوبی افریقہ، یورپی یونین اور جارجیا میں خاندانی تعطیلات اور قریبی رشتہ داروں کی شادیوں میں شرکت کے لیے اجازت طلب کی تھی۔ عدالت نے بدھ کو درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ملزم کو ماضی میں بھی کئی بار سفر کی اجازت دی جا چکی ہے ، مگر اس نے سیبی قوانین کی خلاف ورزی کی تھی۔ ریکارڈ کے مطابق پاریکھ پر الزام ہے کہ اس نے غیر قانونی طریقے سے 65.77 کروڑ روپے کمائے اور سکیورٹیز قانون کی دفعات کی خلاف ورزی کی۔ عدالت نے استغاثہ کے اعتراضات کو درست مانتے ہوئے کہا کہ چار ماہ کے طویل بیرون ملک سفر کی اجازت دینا قومی مفاد اور ملکی معیشت کے لیے نقصان دہ ہوگا۔ عدالت نے مزید کہا کہ ملزم کے دوبارہ غیر قانونی سرگرمیوں میں شامل ہونے کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا، لہٰذا درخواست ناقابلِ غور ہے ۔ اس سے قبل پاریکھ کو دسمبر 2014 سے مارچ 2025 اور جنوری 2021 سے جون 2023 تک بیرون ملک سفر کی اجازت دی گئی تھی۔