موسم کی خرابی حادثہ کا سبب‘ چھ ہفتوں میں اپنی نوعیت کاپانچواں سانحہ
ہردوار۔15؍ جون ( ایجنسیز )اتراکھنڈ کے کیدارناتھ میں اتوار کی صبح ایک ہیلی کاپٹر حادثہ کا شکار ہو گیا۔ گپت کاشی سے کیدار ناتھ دھام کیلئے اْڑان بھرنے والا آرین ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر گوری کنڈ۔سون پریاگ کے جنگلوں میں گر کر تباہ ہو گیا۔ اس حادثے میں 7 افراد کے مارے جانے کی اطلاع ہے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم موقع کیلئے روانہ ہو گئی۔ میڈیاکے مطابق یہ حادثہ موسم خراب ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔ ہیلی کاپٹر میں 7 لوگ سوار تھے جن میں 7 کی موت ہو گئی جس میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ حادثہ اونچائی پر ہونے کی وجہ سے ریسکیو ٹیم کو موقع پر پہنچنے میں کافی تاخیر ہوئی۔ بتایا جاتا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں صلاحیت سے زیادہ افراد سوار تھے۔اتراکھنڈ اے ڈی جی لاء اینڈ آرڈر ڈاکٹر وی مروگیشن نے بتایا کہ گوری کنڈ میں لاپتہ ہوا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا۔ اطلاع کے مطابق صبح 5 بج کر 17 منٹ پر آرین کمپنی کے ذریعہ ہیلی کاپٹر میں 6 عقیدت مندوں کو لے کر کیدار ناتھ ہیلی پیڈ سے گپت کاشی ہیلی پیڈ کے لیے ٹیک آف کیا گیا۔ راستے میں موسم خراب ہونے کی وجہ سے ہیلی کاپٹرکے ذریعہ دیگر مقام پر ہارڈ لینڈنگ سے ہیلی کاپٹر تباہ ہو گیا۔ موصولہ اطلاع کے مطابق ہیلی کاپٹر میں سوار لوگوں میں راج ویر (پائلٹ)، وکرم راوت بی کے ٹی سی باشندہ راسی اْکھی مٹھ، ونود، ترشٹی سنگھ، راج کمار، شردھا، راشی کے نام شامل ہیں۔ہیلی کاپٹر حادثہ پر اتراکھنڈ سیول ایوی ایشن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے ایک بیان جاری کرکے کہاکہ آج صبح قریب 5.20 بجے شری کیدارناتھ دھام سے گپت کاشی جا رہا ایک ہیلی کاپٹر گوری کنڈ کے پاس حادثہ ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ ہیلی کاپٹر میں سوار مسافر اتراکھنڈ، اتر پردیش، مہاراشٹرا اور گجرات کے ہیں۔اس حادثے پر اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ ایس ڈی آر ایف، مقامی انتظامیہ اور دیگر ریسکیو دستہ راحت اور بچاؤ کاموں میں حصہ لیا۔مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ چھ ہفتے کے دوران اس نوعیت کا یہ پانچواں سانحہ ہے۔ اس حادثہ کے بعد چاردھام کیلئے ہیلی کاپٹر سرویس کو دو دن کیلئے معطل کیا گیا۔
ہیلی کاپٹر حادثہ :نعشوںکو شناخت کیلئے رودرپریاگ لایا گیا
رودرپریاگ، 15 جون (یواین آئی) کیدارگھاٹی کے تحت گوری کنڈ علاقے میں اتوار کو پیش آئے ہیلی کاپٹر حادثہ میں مرنے والوں کی نعشوںکو پوسٹ مارٹم کے لیے رودرپریاگ ضلع اسپتال، رودرپریاگ لایا جا رہا ہے ۔ انتظامیہ نے متوفی کے لواحقین کی موجودگی میں لاشوں کی شناخت کو یقینی بنانے کے لیے وسیع انتظامات کیے ہیں۔ڈپٹی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ رودرپریاگ آشیش چندر گھلدیال کے جاری کردہ حکم کے مطابق لواحقین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلع اسپتال کے قریب آیورویدک اسپتال میں ضروری انتظامات کیے گئے ہیں۔ لواحقین کسی بھی صورت حال کے لیے نامزد اہلکاروں سے رابطہ کر سکتے ہیں۔