کیرالا آئی۔ لیگ چمپئن ، اے ایف سی کپ میں شرکت کا موقع

   

کولکاتا : گوکولم کیرالا نے منی پور کی ٹیڈیم روڈ اتھلیٹک یونین کے مقابل پچھڑنے کے بعد 4-1 سے زبردست جیت کے ذریعے آئی ۔ لیگ 2020-21ء جیت لی ہے۔ کولکاتا کے کشور بھارتی کیرنگن اسٹیڈیم میں منعقدہ مقابلے میں کیرالا کی ٹیم نے تاریخ بنائی جیسا کہ وہ آئی لیگ جیتنے والی اپنی ریاست کی پہلی نمائندہ ٹیم بن گئی ہے اور اب اسے اے ایف سی کپ 2021-22ء میں انڈیا کی نمائندگی کا موقع ملے گا۔ کیرالا اور ٹی آر اے یو ٹیم کا مقابلہ دلچسپ رہا جس میں معیاری فٹبال دیکھنے میں آیا۔ اُدھر سالٹ لیک اسٹیڈیم میں متوازی کھیلے گئے میچ میں چرچل برادرس نے راؤنڈ گلاس پنجاب کو 3-2 سے ہرایا۔ ہاف ٹائم پر برادرس کو 3-0 کی اطمینان بخش سبقت حاصل تھی لیکن پنجاب نے عمدہ واپسی کرتے ہوئے تین منٹ میں دو گول کئے اور شکست کے فرق کو گھٹایا۔