الاپوزھا ؍ کنور ۔ اسمبلی انتخابات سے تین دن قبل کیرالا میں کانگریس نے برسر اقتدار بائیں بازو اتحاد پر کرپشن کا الزام عائد کیا ہے اور کہا کہ اڈانی گروپ سے برقی خریداری میں کرپشن ہوا ہے جبکہ چیف منسٹر پنارائی وجئین نے اس الزام کی تردید کی ہے ۔ قائد اپوزیشن رمیش چینی تھالہ نے الزام عائد کیا کہ بائیں بازو کی حکومت نے اڈانی گروپ سے بھاری قیمت پر برقی خریدی کا معاہدہ کیا ہے جس میں کرپشن ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اڈانی گروپ سے 300 میگاواٹ برقی اضافی قیمتوں پر خریدنے کا معاہدہ کرتے ہوئے کمیونسٹ حکومت نے مرکز کی بی جے پی حکومت کے ساتھ مل کر یہ بدعنوان معاملت کی ہے ۔ اڈانی گروپ کے ساتھ 25 سال تک برقی خریدی کا معاہدہ جملہ 8850 کروڑ روپئے مالیت کا کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ قیمت بہت زیادہ ہے ۔ اس معاہدہ سے اڈانی گروپ کو جملہ 1,000 کروڑ روپئے کا فائدہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدہ کے ذریعہ عوام پر ایک بھاری بوجھ عائد کردیا گیا ہے ۔ اس معاملت کیلئے مرکز اور ریاست دونوں ہی برابر کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال شمسی توانائی دو روپئے فی یونٹ پر دستیاب ہے لیکن اس سے استفادہ نہیں کیا گیا۔