کاسرگوڈ (کیرالا) : کاسرگوڈ ضلع کے نیلیشورم کے قریب ایک مندر میں حالیہ آتش بازی کے دوران ہفتہ کے روز ایک اور شخص کی ہلاکت کے ساتھ مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر پانچ ہو گئی۔ حکام نے یہ اطلاع دی۔ حکام نے بتایا کہ رجیت، جو شدید جھلس گیا تھا، منگلورو کے ایک خانگی ہاسپٹل میں زیر علاج تھا اور صبح ہی اس کی موت ہو گئی۔ اس سے قبل مندر میں آتش بازی کے دوران پیش آنے والے اس حادثہ میں چار افراد جان کی بازی کر چکے تھے جس کے بعد اس حادثہ میں جان سے ہاتھ دھونے والوں کی تعداد اب بڑھ کر پانچ ہو گئی ہے۔ کاسرگوڈ ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس حادثے میں 154 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 100 کو مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے رپورٹ کیا کہ 8 نومبر تک 100 میں سے 63 کا علاج مختلف ہسپتالوں میں کیا جا رہا تھا جن میں سے نو انتہائی نگہداشت کے کمروں (ICUs) میں تھے۔ یہ واقعہ 28 اکتوبر کو نیلیشورم کے قریب انجتنابلم ویریرکاو مندر میں پیش آیا۔. آگ لگنے کا یہ واقعہ قریبی جگہ پر رکھے پٹاخوں میں دھماکے کی وجہ سے پیش آیا۔ اس واقعہ کے سلسلے میں دھماکہ خیز مواد ایکٹ اور انڈین کوڈ آف جسٹس (بی این ایس) کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور مندر کمیٹی کے دو عہدیداروں سمیت تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔