کیرالا میں این پی آر فیصلہ کو ایم پیز کی تائید حاصل

   

تھرواننتاپورم ۔ 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت کیرالا کے مردم شماری سے مکمل تعاون کرنے لیکن نیشنل پاپولیشن رجسٹر (این پی آر) کو تازہ کرنے کے معاملہ میں عدم تعاون کے فیصلہ کو ریاست کے برسراقتدار ایل ڈی ایف کے ساتھ ساتھ اپوزیشن یو ڈی ایف کے ایم پیز کی تائید و حمایت حاصل ہوئی ہے۔ اس معاملہ میں عوام اور سیاسی پارٹیوں میں کوئی الجھن نہ رہے، اسے یقینی بنانے کیلئے حکومت مزید اقدامات کرے گی۔ چیف منسٹر پی وجین نے آج یہاں ایم پیز کی میٹنگ کے بعد یہ بات کہی۔ برسراقتدار لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ اور اپوزیشن کانگریس زیرقیادت یونائیٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ سے تعلق رکھنے والے ایم پیز نے حکومت کے فیصلہ کی حمایت کی۔ گذشتہ ہفتہ خصوصی کابینی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ مرکزی وزارت داخلہ کے تحت کام کرنے والے رجسٹرار جنرل اینڈ سنسیس کمشنر کو واقف کرادیا جائے کہ این پی آر اپ ڈیشن کے معاملہ میں ریاست تعاون کرنے سے قاصر ہے۔ وجین نے ایم پیز سے یہ خواہش بھی کی کہ ریاست سے متعلق مختلف مسائل پر مرکز سے نمائندگی کریں۔ وزارت ریلوے نے تھرواننتاپورم ۔ کسارا گوڈ سیمی ہائی اسپیڈ ریل کاریڈور کی ماقبل سرمایہ کاری سرگرمیوں کو اصولی منظوری دی ہے اور ایم پیز کو اس ضمن میں وزارت ریلوے پر دباؤ ڈالنا چاہئے کہ آگے کے اقدامات کئے جائیں۔