کیرالا میں برڈ فلو کی توثیق ، 25 ہزار مرغیاں تلف

   

جنوبی ہند ریاستوں کے علاوہ مغربی بنگال میں بھی چوکسی ، پولٹری فارمس میں جانچ کا عمل شروع
حیدرآباد۔15ڈسمبر(سیاست نیوز) جنوبی ہند کی ریاست کیرالہ میں برڈ فلو کی توثیق کے بعد حکومت کی جانب سے 25000 مرغیوں کو تلف کردیا گیا۔ کیرالہ میں برڈ فلو کی وباء کے ساتھ ہی جنوبی ہند کی ریاستوں کے علاوہ مغربی بنگال میں چوکسی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے او رکہا جا رہا ہے کہ جنوبی ہند کی ریاستوں کے علاوہ ریاست مہاراشٹراسے مختلف ریاستوں کو سربراہ کی جانے والی مرغیوں کی جانچ کے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ برڈ فلو کی وباء کو مزید پھیلنے سے روکا جاسکے۔ ریاست تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں بھی گذشتہ چند ہفتوں کے دوران مرغیوں کی اموات میں ہونے والے اضافہ کے سلسلہ میں دریافت کرنے پر کہا جا رہاہے کہ موسم سرما کے دوران مرغیوں کی اموات کی شرح میں اضافہ ہونے لگتا ہے اسی لئے کوئی تشویش کی بات نہیں ہے لیکن کیرالہ میں حکومت کی جانب سے مرغیوں کو تلف کرنے کے اقدامات کے ساتھ ہی مختلف ریاستو ں میں پولٹری فارمس میں جانچ کا عمل شروع کردیا گیا ہے تاکہ مرغیوں میں وباء کے پائے جانے کی صورت میں اس پر فوری طور پر قابو پایا جاسکے۔ مرغیوں کے تاجرین کا کہناہے کہ موسم سرما کے دوران سردی کی لہر میں اضافہ کے ساتھ ہی مرغیوں کی اموات ہونا معمول کی بات ہے لیکن کیرالہ میں برڈ فلو کی توثیق اور حکومت کی جانب سے متاثرہ مرغیوں کو تلف کئے جانے کے فیصلہ کے بعد چوکسی اختیار کی جارہی اورمرغیوں میں پائی جانے والی بیماریوں اور اثرات کی جانچ کی جا رہی ہے۔ کیرالہ میں مرغیوں کی اموات کا سلسلہ شروع ہونے کے ساتھ ہی حکومت اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے چوکسی اختیار کرتے ہوئے نیشنل انسیٹیٹیوٹ آف ہائی سیکیوریٹی انیمل ڈیسیز بھوپال کو نمونوں کی روانگی کے بعد جب برڈ فلو کی توثیق ہوئی تو 25ہزار پرندوں کو تلف کرنے کے اقدامات کئے گئے علاوہ ازیں کیرالہ سے جن ریاستوں کو مرغیاں روانہ کی جاتی ہیں ان ریاستو ںکو بھی چوکسی اختیار کرنے کا مشورہ دیا جاچکا ہے۔م