کسی کے مذہبی جذبات مجروح کرنے کی تردید ، حکومت کی وضاحت
تھرواننتاپورم 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مکر سنکرانتی کے موقع پر کیرالا کی وزارت سیاحت کی طرف سے کئے گئے ’بیف فرائی‘ ٹوئیٹ پر پیدا شدہ تنازعہ کے درمیان سی پی آئی (ایم) زیرقیادت بائیں بازو کی حکومت نے جمعہ کو وضاحت کی کہ اس کا مقصد کسی کے مذہبی جذبات مجروح کرنا نہیں تھا۔ وزیر سیاحت کڈاکم پلی سریندرن نے کیرالا کے ایک غذائی لازمہ ’بیف اولو تھیتو‘ کے بارے میں محکمہ سیاحت کی طرف سے کئے گئے ٹوئیٹ کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوششیں کرنے والوں کی مذمت کی اور کہاکہ جنوبی ہند کی اس ریاست میں کوئی بھی غذا کو مذہب سے مربوط نہیں کرتا۔ ٹوئیٹر پر درج کیا گیا تھا کہ ’مصالحوں کی سرزمین کیرالا سے خوشبو بھر ذائقہ دار مصالحوں سے ہلکی آگ پر دم کردہ بیف لوازمہ ’بیف اولھار تھیسیتودستیاب ہے‘۔