کیرالا میں بے نظیر بھٹو کی تصویروں والے پوسٹر

   

تھرواننتاپورم : بائیں بازو کی ایک خاتون تنظیم نے اپنی نیشنل کانفرنس کے موقع پر ریاستی دارالحکومت کے تمام اہم مقامات پر پاکستان کی سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی تصاویر والے ہورڈنگ اور پوسٹر آویزاں کیے ہیں۔ بی جے پی نے اس کی مذمت کی ہے۔ بائیں بازو کی جماعت کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے خواتین ونگ، آل انڈیا ڈیموکریٹک ویمنز ایسوسی ایشن (اے آئی ڈی ڈبلیو اے) کا چار روزہ قومی اجلاس ان دنوں جنوبی ریاست کیرالا کے دارالحکومت تھرواننتاپورم میں چل رہا ہے۔ جمعہ چھ جنوری سے شروع ہونے والی یہ نیشنل کانفرنس پیر تک چلے گی۔ اے آئی ڈی ڈبلیو اے(آئیڈوا) نے اس موقع پر شہر کے تمام اہم مقامات پر جو ہورڈنگز اور پوسٹرز لگائے ہیں ان میں پاکستان کی سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی تصویر موجود ہے۔ حتیٰ کے کانفرنس کے دعوت ناموں پر بھی بے نظیر بھٹو کی تصویر استعمال کی گئی ہے۔