کیرالا میں شدید بارش اور تودے گرنے سے 15ہلاک

   

کئی افراد کو بچا لیا گیا ،وزیر اعظم کا اظہار افسوس ، ورثاء کو ایکس گریشیا ء کا اعلان
کوچی: کیرالا میں مسلسل بارش کی وجہ سے زمینی تودہ گرنے سے 15 افراد کی موت ہوگئی جبکہ 12 افراد کو بچالیا گیا۔ چائے باغوں میں کام کرنے والے کئی مزدور اس میں پھنس گئے ہیں۔ مقامی افسران کے مطابق یہ حادثہ اڈوکی ضلع میں پیش آیا۔ ان علاقوں سے شدید بارش کی وجہ سے رابطہ ٹوٹ گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق 12 افراد کو بچایا گیا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ مسلسل بارش کی وجہ سے برقی متاثر ہونے سے علاقہ میں ٹیلی مواصلات خدمات میں خلل پڑا ہے۔ زمینی تودہ گرنے کی وجہ سے تقریبا 10 مزدوروں کے گھر دھنس گئے ہیں۔ پولیس اور فائربریگیڈ کا عملہ جائے واقعہ پر موجود ہے اور ضلع انتظامیہ نے ہاسپٹلس سے بھی تیار رہنے کیلئے کہا ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات نے بھی علاقہ میں ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنارائی وجین نے کہا کہ انہوں نے امدادی کاموں کیلئے راج مالا میں ہیلی کاپٹر خدمات فراہم کرنے کیلئے ہندوستانی فضائیہ سے رابطہ کیا ہے۔ کیرالہ کے ریوینو کے وزیر ای چندر شیکھر نے کہا کہ 3 لیبر کیمپ میں تقریباً 82 افراد رہتے تھے۔وزیراعظم نریندرمودی نے کیرالہ کے ضلع اڈوکی میں شدید بارش کے سبب تودہ گرنے سے 15 افراد کی موت ہونے پر شدید رنج وغم کا اظہار کیا ہے اور ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کو دو ،دو لاکھ روپے بطور ایکس گریشیا دینے کا اعلان کیا ہے ۔مرکزی وزیر ہرش وردھن اور دیگر نے بھی اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔