کیرالا میں شدید بارش ‘4 افراد ہلاک ‘3 لاپتہ

   

تھرواننتاپورم 21 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) کیرالا میںشدید بارش کی وجہ سے چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ تین افراد لاپتہ بتائے جاتے ہیں جن میں ٹاملناڈو سے تعلق رکھنے والے دو مچھیرے بھی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں کاسر گوڈ ‘ اڈوکی ‘ کوزی کوڈ اور کنور اضلاع میں 23 جولائی تک کیلئے ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے ۔ ٹاملناڈو سے تعلق رکھنے والے ایک لاپتہ مچھیرے کی نعش کولم ضلع میں پائی گئی ہے جبکہ دیگر دو مچھیرے تیر کر بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے ۔ ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ مابقی دو لاپتہ مچھیروں کیلئے تلاش جاری ہے ۔ کوسٹ گارڈ کا ایک جہاز اور دو کشتیاں اس کام میں مصروف ہیں۔ محکمہ موسمیات نے پہلے 21 جولائی تک کیلئے اڈوکی اور کاسر گوڈ میں ریڈ الرٹ جاری کیا تھا ۔ تاہم اب اس میں توسیع کردی گئی ہے اور چار اضلاع کا احاطہ کیا گیا ہے ۔ مچھیروں نے کوٹائم ‘ ارناکلم ‘ تھریسر اور ملاپورم میں 25 جولائی تک کیلئے بھی شدید بارش کا انتباہ جاری کردیا ہے ۔