کیرالا میں پی وجین اور نریندر مودی میں خفیہ مفاہمت : ریونت ریڈی

   

10 سالہ ناکام حکمرانی سے عوام نالاں، ترقی اور خوشحالی کیلئے کانگریس اتحاد کو ووٹ دینے چیف منسٹر کی اپیل، انتخابی مہم کے تحت روڈ شو میں شرکت

حیدرآباد 7 اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے الزام عائد کیاکہ چیف منسٹر کیرالا پی وجئین ریاست کے عوام کے ساتھ دھوکہ کررہے ہیں اور وہ 10 سالہ اقتدار میں عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوگئے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج کیرالا اسمبلی انتخابات کی مہم کے تحت 3 اسمبلی حلقہ جات میں کانگریس امیدواروں کی ریالیوں اور روڈ شو سے خطاب کیا۔ ریونت ریڈی نے کوالم، ماوی لیکارا اور پٹھان پورم اسمبلی حلقہ جات میں روڈ شو کرتے ہوئے تلنگانہ میں فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کی تفصیلات پیش کیں۔ اُنھوں نے کیرالا کی برسر اقتدار ایل ڈی ایف حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ پی وجئین حکومت میں کرپشن، بدعنوانیوں اور اقرباء پروری عروج پر ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ وجئین اور بی جے پی متحدہ طور پر مقابلہ کررہے ہیں۔ گزشتہ 10 برسوں میں نوجوانوں کو روزگار کی عدم فراہمی کے سبب کیرالا کے نوجوان دیگر ریاستوں اور ممالک کا رُخ کرنے پر مجبور ہیں۔ اُنھوں نے دونوں ریاستوں میں ترقیاتی اور فلاحی کاموں پر پی وجئین کو کھلے مباحث کا چیلنج کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ پی وجئین ایک عوامی چیف منسٹر کے بجائے نریندر مودی کی طرح انتخابی مہم چلارہے ہیں اور جھوٹے وعدوں کا سہارا لیا جارہا ہے۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ پی وجئین نے اُنھیں مکتوب روانہ کرتے ہوئے 2014-23ء کے بارے میں تذکرہ کیا ہے۔ اُنھیں جاننا چاہئے کہ اُس مدت کے دوران اُن کے دوست کے سی آر چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز تھے۔ تلنگانہ کے بارے میں پی وجئین نے غلط معلومات کو اپنے مکتوب میں شامل کیا ہے۔ کیرالا میں کئی اسکامس منظر عام پر آئے لیکن اُن کی جانچ نہیں کی گئی۔ وجئین کے گارڈ فادر کے طور پر نریندر مودی نئی دہلی میں موجود ہیں۔ مقدمات سے وجئین کو بچانے کے لئے نریندر مودی متحرک ہیں۔ ملک کے لئے اپنا سب کچھ قربان کرنے والے گاندھی خاندان کے افراد پر مودی حکومت کی جانب سے مقدمات درج کرتے ہوئے ہراساں کیا جارہا ہے۔ کجریوال اور دیگر قائدین کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے تحت مقدمات میں ماخوذ کیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ نریندر مودی اور وجئین میں مفاہمت کے سبب کیرالا کے اسکامس کی جانچ میں مرکز کو کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ کیرالا کے عوام مودی اور وجئین کے اتحاد کو جان چکے ہیں اور وہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس زیرقیادت یو ڈی ایف کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ کیرالا میں پنچایت راج اداروں کی کامیاب کارکردگی کا سہرا کانگریس چیف منسٹر اومن چانڈی کے سر جاتا ہے۔ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ کانگریس اتحاد دو تہائی اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کرے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ کیرالا میں عام جلسوں میں بچوں اور ضعیف العمر افراد کی اکثریت اِس بات کا ثبوت ہے کہ روزگار سے محروم نوجوان دیگر ریاستوں اور بیرونی ممالک کا رُخ کرچکے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ صورتحال ریاست کے لئے ٹھیک نہیں ہے۔ تلنگانہ میں 2 سال میں 67 ہزار سرکاری ملازمتیں فراہم کی گئیں اور 25 لاکھ کسانوں کے 20670 کروڑ کے قرض معاف کئے گئے۔ 4 لاکھ اندراماں مکانات منظور کئے گئے۔ اُنھوں نے عوام سے وعدہ کیاکہ کانگریس اتحاد برسر اقتدار آنے پر تمام وعدوں کی تکمیل کرتے ہوئے خوشحالی اور ترقی کو یقینی بنائے گا۔1؍V