کیرالا میں کانگریس ۔ بی جے پی معاملت آشکار، چیف منسٹر وجئین کا دعویٰ

,

   

تھرواننتاپورم : چیف منسٹر کیرالا پی وجئین نے اسمبلی انتخابات کی مہم کی شروعات سے جاری اپنے دعوے کو آج پھر دہرایا کہ کانگریس زیرقیادت یو ڈی ایف اور ریاستی بی جے پی کے درمیان گہرا ربط قائم ہوگیا ہے جو اب آشکار ہورہا ہے۔ کیرالا میں 6 اپریل کو رائے دہی مقرر ہے اور اسمبلی کے 140 لیجسلیٹرس منتخب کئے جانے ہیں۔ ووٹوں کی گنتی 2 مئی کو ہوگی۔ چیف منسٹر نے کنور میں میڈیا کو بتایا کہ اب وہ دن نہیں رہے جب کانگریس، لیگ اور بی جے پی کے درمیان پوشیدہ معاملت ہوا کرتی تھی۔ اب اُن کے درمیان کھلی معاملت ہونے لگی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایک بی جے پی لیڈر سریش گوپی جو اسمبلی چناؤ میں امیدوار ہیں، اُنھوں نے کہا ہے کہ حلقہ گروویور میں چونکہ اُن کے پاس اپنا کوئی امیدوار دستیاب نہیں ہے، اِسی لئے وہ چاہتے ہیں کہ انڈین یونین مسلم لیگ کا امیدوار وہاں کامیابی حاصل کرے۔ اِسی طرح حلقہ تلاسری (کنور) میں بھی بی جے پی کے پاس کوئی امیدوار نہیں ہے۔ اِس لئے وہ اے این شمشیر (سی پی آئی ایم) کو شکست دینے کے لئے اپنی طاقت لگائیں گے۔