کیرالا کے بینکوں میں این آر آئیز کے 2 لاکھ کروڑ روپئے جمع

,

   

اندرون 5 سال رقم دگنی ، واپس ہونے والے شہریوں کے لیے حکومت کے فلاحی اقدامات
حیدرآباد۔ ملک بھر میں جہاں غیر مقیم ہندستانی دنیا کے کئی ممالک سے واپس ہونے لگے ہیں وہیں ریاست کیرالہ کے غیر مقیم ہندستانیوں نے کیرالہ بینکوں میں تاحال 2ٹریلین ہندستانی روپئے جمع کروائے ہیں جو کہ 2لاکھ کروڑ ہوتے ہیں۔خلیجی ممالک میں جہاں ہندستانی شہریوں کو ملازمتوں سے بے دخل کرنے کے علاوہ انہیں ملک واپس روانہ کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور گذشتہ کئی برسوں سے یہ سلسلہ جاری ہے اس دوران ریاست کیرالہ سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے گذشتہ 5برسوں کے دوران کیرالہ کے بینک کھاتوں میں 2لاکھ کروڑ روپئے جمع کروائے ہیں جو کہ اب تک کا ریکارڈ ہے۔ سابق میں یہ رقم ایک لاکھ کروڑ تک ہوا کرتی تھی لیکن گذشتہ 4تا5برسوں کے دوران پیدا شدہ بحران ملازمتوں سے نکالے جانے ‘ تیل کی قیمتوں میں گراوٹ اور دیگر کے باوجود بھی کیرالہ کے شہریوں نے اپنے بینک کھاتوں میں 1لاکھ کروڑ روپئے روانہ کرتے ہوئے ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ہندستان سے 70کی دہائی میں کیرالہ کے شہریوں نے خلیجی ممالک میں روزگار کے حصول کے لئے رخ کرنا شروع کیا تھا اور ان حالات میں اب وہ اپنے ملک واپس ہونے لگے ہیں۔ مارچ 2015 میں ریکارڈ کی گئی رقومات کے مطابق اس وقت کیرالہ کے غیر مقیم ہندستانیوں کی جانب سے کیرالہ کے بینکوں میں 1لاکھ کروڑ روپئے جمع کئے گئے تھے لیکن اب اندرون 5برس یہ رقم دوگنی ہوچکی ہے اور کہا جار ہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے واپس ہونے والے غیر مقیم ہندستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کی بازآبادکاری کے سلسلہ میں متعدد اقدامات کئے جانے لگے ہیں۔