کیرالہ کے اخبار ’ مدھیامم ‘ ایڈیٹر وی ایم ابراہیم کو ایوارڈ

   

حیدرآباد۔/25 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کیرالہ کے مشہور اخبار ’مدھیامم‘ کے ایڈیٹر وی ایم ابراہیم کو بیسٹ ایڈیٹوریل کے زمرہ میں کالی کٹ پریس کلب کی جانب سے تھروت رمن ایوارڈ 2023 سے نوازا گیا۔ یہ ایوارڈ 14 فروری 2023 کو تحریر کردہ ایک اداریہ کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔ اداریہ کا موضوع ملیالی عوام کی ترقی سے متعلق تھا۔ایوارڈ کے تحت 15 ہزار روپئے نقد اور سرٹیفکیٹ حوالے کیا گیا۔ اس ایوارڈ کا آغاز مشہور روز نامہ ’ پردیپم ‘ کے ایڈیٹر تھروت رمن کے افراد خاندان نے کیا ہے۔ پریس کلب کے صدر ایم فروکشن اور سکریٹری ٹی ایس راکیش نے اعلان کیا کہ میڈیا آبزرورس پر مشتمل جیوری نے وی ایم ابراہیم کے نام کو منتخب کیا ہے۔ ڈاکٹر سبسٹین پال، کے بالا کرشنن اور جرنلزم انسٹی ٹیوٹ کے ڈائرکٹر وی بالا کرشنن نے جیوری ارکان کے فرائض انجام دیئے۔ ایڈیٹوریل میں وائیناڈ سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان وشوناتھن کی کہانی کا احاطہ کیا گیا جس پر سرقہ کا الزام عائد کرتے ہوئے ہجوم نے تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس کی موجودگی میں ہجوم نے اس نوجوان کو سزا دی تھی۔ وی ایم ابراہیم کو دوسری مرتبہ تھروت رمن ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ 2021 میں انہیں ایڈیٹوریل کے زمرہ میں ہی ایوارڈ دیا گیا تھا۔ وی ایم ابراہیم نے جون 2001 میں اسسٹنٹ ایگزیکیٹو ایڈیٹر کی حیثیت سے اپنی خدمات کا آغاز کیا۔ وہ مدھیامم اور گلف مدھیامم دونوں اخبارات کے ایگزیکیٹو ایڈیٹر رہے۔2021 میں انہیں ایڈیٹر کے عہدہ پر فائز کیا گیا۔ اردو لٹریچر میں پوسٹ گریجویٹ وی ایم ابراہیم مرحوم وی ایم عبدالرحمن اور خدیجہ کے فرزند ہیں جن کا تعلق ملاپورم کے عبدالرحمن نگر سے ہے۔ ابراہیم کی اہلیہ حاجرہ ہیں اور انہیں ایک دختر رضیہ خاتون اور دو فرزندان رضی اسمعیل اور نجی اسحاق ہیں۔1