کیریبین جزائر کو ڈوبنے کا خطرہ

   

پاناما : بحیرہ کیریبین کے ایک چھوٹے سے جزیرے پر رہنے والے سینکڑوں افراد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں اور اس کی وجہ سطح سمندر کا بلند ہونا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق پاناما کے شمال میں واقع کارتی سگتوپو نامی گنجان آباد جزیرہ ڈوبنے کے خطرے سے دوچار ہے۔اس جزیرے کی مقامی کمیونٹی 2 ہزار سے کم افراد پر مشتمل ہے جو پینے کے پانی اور سینیٹیشن جیسی سہولیات کے بغیر ہی گزر بسر کرتی ہے۔ان کی زندگی کا دار و مدار ماہی گیری، چند فصلوں، روایتی صنعتی مصنوعات اور کسی حد تک سیاحت پر رہتا ہے۔اس جزیرے پر گزر بسر آسان نہیں بالخصوص جب گرمی عروج پر ہو اور سہولیات بھی میسر نہ ہوں۔کارتی سگتوپو جزیرے کا سائز پانچ فٹبال گراؤنڈز کے برابر ہے لیکن گنجان آباد ہونے کے باعث مکینوں کو کئی مشکلات کا سامنا رہتا ہے، لیکن ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث سطح سمندر بلند ہونے سے مزید مشکلات پیدا ہو گئی ہیں۔