حفاظتی تدابیر : سخت نوکدار اور کھردرے ہیئر برشوں کا گھر میں داخلہ بند کر دیں۔کنگھی اور برش ایسے خریدیں جو قدرتی ریشوں سے ہم آمیز ہوں یا ربڑ سے پینل کی شکل کے بنائے ہوئے برش بھی استعمال کرنا مفید رہتا ہے۔ شیمپو کرنے سے پہلے بالوں میں برش یا کنگھی ضرور کر لیا کریں ۔یہ سر کی جلد کے اطراف خون کی گردش تیز کرنے میں معاون ثابت ہو گی ۔ جلد کی مردہ حالت اسی وقت درست ہو گی جب مردہ خلیات جھڑ جائیں گے اور پرانی جلد اکھڑ جائے گی۔اگر آپ کا شیمپو اور کنڈیشنر Pro Vitamins جیسے ذخیروں پر مشتمل ہیں تو ان کے اُلجھنے یا ٹوٹنے کا امکان کم سے کم ہو سکتا ہے۔کبھی نمکین یا کھارے پانی سے بال نہ دھوئیں کیونکہ یہ پانی بالوں کے قدرتی معدنیات ختم کر دیتا ہے۔ جس سے بالوں کی اصل رنگت بگڑ جاتی ہے اور خشکی و سکری پیدا ہوسکتی ہے۔ہر چوتھے سے آٹھویں ہفتے کے دوران 1/2 انچ بال ترشوا لینا بھی مفید ہوتا ہے۔اگر بالوں کی جڑوں کو رنگنا ضروری ہو جائے یا آپ ہر موسم کے مطابق جدید فیشن ایبل ڈائی کرنا چاہئیں تو محفوظ کاسمیٹکس استعمال کریں تاکہ ان کے مضر اثرات سے بالوں کو حتیٰ الامکان بچایا جاسکے۔مسلسل ڈائی استعمال کرنے والے بالوں کو ہر دوسرے ہفتے پروٹین ٹریٹمنٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر آپ ہنر مند ہاتھوں سے یہ مساج نہیں کروا پاتیں تو گھر میں موجود ایک انڈے میں زیتون یا سرسوں کے تیل ملا کر بالوں پر لگا لیا کریں۔اسے سوکھنے کا وقت دے کر پہلے بالوں کو سادہ پانی سے دھو لیا کریں ہلکے شیمپو سے انہیں صاف کر لیا کریں۔اس بیرونی احتیاط سے بالوں کی نمی برقرار رکھی جا سکتی ہے۔اسکول جانے والی بچیوں کے بالوں کو چوٹی یا پونی ٹیل میں باندھنا بہت ضروری ہوتا ہے۔ تاہم اس مقصد کیلئے بھی ہیئر بینڈز استعمال نہیں کرنے چاہئیں۔کپڑے سے تیار شدہ پونی ٹیل ربر بینڈ سے کہیں بہتر ہے۔ربر بینڈ بالوں کو الجھاتا توڑتا اور شکل مسخ کرتا ہے۔بالوں کو اکٹھا کرنا مقصود ہے تو Claw Clips بھی استعمال کئے جا سکتے ہیں۔کَس کر چوٹی باندھنا خاص کر بغیر تیل لگے بالوں کیلئے مضر ہوتا ہے۔ہر بار شیمپو سے پہلے بالوں میں تیل ضرور لگا لیا کریں اور ایک گھنٹے کیلئے تیل لگارہنے دیں رات بھر تیل لگانا ضروری نہیں ہوتا ۔ صرف ایک گھنٹے کے مساج کے بعد بال شیمپو کر کے کنڈیشن بھی کر لئے جائیں تو ان میں چمک اور زندگی کے آثار نظر آنے لگتے ہیں۔ (آخری قسط)