کیلس کا افریقہ کو انگلینڈ کے نقش قدم پر چلنے کا مشورہ

   

لندن ۔ 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ کے سابق آل راونڈر جیک کیلس نے اپنی ٹیم جنوبی افریقہ کی ورلڈ کپ میں مایوس کن مہم کے بعد کھلاڑیوں کو مشورہ دیا ہیکہ وہ انگلینڈ کے نقش قدم پر چلیں۔ گذشتہ ورلڈ کپ میں انگلینڈ کو بھی اسی طرح مایوس کن مظاہروں کے ذریعہ گروپ مرحلہ سے باہر ہونا پڑا تھا جس کے اس نے اپنے کھیل میں تبدیلی لاتے ہوئے جارحانہ طرزرسائی کو اختیار کیا جس کی وجہ سے وہ اس وقت ونڈے کی نمبر ایک ٹیم ہے۔ گذشتہ روز پاکستان کے خلاف لاڈس میں منعقدہ مقابلہ میں پاکستان کے خلاف جنوبی افریقہ کو 49 رنز کی شکست ہوگئی جس کے بعد اب وہ ورلڈ کپ سے باہر ہوچکی ہے۔ اپنے دور کے کامیاب ترین آل راونڈر کیلس نے جنوبی افریقہ کو کہا کہ 2015ء میں انگلینڈ کا یہی حال ہوا تھا لیکن اس نے ناکامیوں سے مایوس ہونے کے بجائے اسے نئی تبدیلی کی راہ بنائی ہے۔ انگلینڈ اس وقت کسی خوف کے بغیر مظاہرے کررہی ہے جس کی وجہ سے وہ دنیا کی نمبر ایک ٹیم ہے۔ جنوبی افریقہ کو بھی اب انگلینڈ سے سبق سیکھتے ہوئے بے خوف اور دلیرانہ کرکٹ کھیلنی ہوگی۔ کیلس نے مزید کہا کہ ٹیم میں تبدیلی کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ چار برس قبل مورگن کی قیادت میں ہی انگلینڈ کو مایوس کن مظاہروں کے بعد ورلڈ کے پہلے مرحلہ میں ہی باہر ہونا پڑتا تھا لیکن اس نے ٹیم میں تبدیلی نہیں کی اور مورگن کی قیادت میں ہی انگلینڈ اب دنیا کی نمبر ایک ٹیم ہے۔ کیلس کے موجب جنوبی افریقہ کے بیشتر کھلاڑی اس وقت نوجوان ہے لہٰذا ان ہی پر ٹیم کا مستقبل تیار کرنا بہتر فیصلہ ہوگا۔