کیلی فورنیا کے جنگلات میں آتشزدگی، 60 ہزار افراد کا انخلا

   

واشنگٹن : امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شمالی اور وسطی حصے میں جنگلات میں لگی آگ اب بھی بے قابو ہے، متاثرہ علاقوں سے 60 ہزار افراد کا تخلیہ کرا دیا گیا۔آگ 3 لاکھ 50 ہزار ایکڑ کی اراضی تک پھیل چکی ہے جبکہ مختلف حادثات میں 3 افراد ہلاک، 33 زخمی اور 2 افراد لاپتہ ہوگئے۔کیلی فورنیا کے 300 سے زائد مقامات پر لگی جنگلات کی آگ تیزی سے پھیل رہی ہے، آگ کی لپیٹ میں آکر 175 عمارتیں تباہ ہو گئی ہیں جبکہ 50 ہزار مزید عمارتوں کو خطرہ لاحق ہے۔حکام نے متاثرہ علاقوں سے 60 ہزار افراد کا انخلا کرادیا ہے جبکہ ایک لاکھ افراد کو صورتحال بگڑنے پر انخلا کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے 10 ہزار سے زائد فائر فائٹرز کوششوں میں مصروف ہیں۔اس آتشزدگی سے کم از کم 6 افراد ہلاک ہوگئے اور امریکہ کے مغربی علاقے میں دھواں پھیل گیا۔’بی بی سی‘ کی رپورٹ کے مطابق ریاست بھر میں سیکڑوں مقامات پر آگ لگ گئی ۔حکام کا کہنا تھا کہ تاریخی گرمی کے نتیجے میں آسمانی بجلی گرنے کے 12 ہزار سے زائد واقعات ہوئے اور ہزاروں عمارتیں بھی جل گئیں اور مزید ہزاروں کے نذر آتش ہونے کا خدشہ ہے۔