کینیڈا بیس ہزار افغان مہاجرین کو قبول کرے گا

   

ٹورنٹو ۔ کینیڈا نے 20 ہزار افغان شہریوں کو اپنے ہاں پناہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ ان میں حکومتی اہلکار، خواتین رہنما اور دیگر ایسے شہری شامل ہیں، جو ممکنہ طور پر طالبان کا ہدف ہو سکتے ہیں۔ یہ اعلان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب طالبان کی افغانستان میں تیز رفتار پیش قدمی جاری ہے۔ کینیڈا کے وزیر امیگریشن مارکو مینڈیکنو نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ افغانستان کی موجودہ صورت حال تکلیف دہ ہے اور ایسے میں ان کا ملک خاموش نہیں بیٹھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد کو کینیڈا میں پناہ دی جائے گی، جن سے متعلق خوف ہے کہ وہ طالبان کا ہدف ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان میں ایسے افغان بھی شامل ہیں، جو ابھی افغانستان ہی میں ہیں اور کچھ ایسے بھی جو پہلے ہی کینیڈا پہنچ چکے ہیں۔