ٹورنٹو ۔ 17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم کینیڈا جسٹن ٹروڈو نے پیر کے روز کہا کہ کینیڈا کی سرحدیں تمام بیرونی ممالک کے سیاحوں کیلئے بند کی جارہی ہیں البتہ ملک کے باشندوں کو داخلہ کی اجازت ہوگی۔ کوروناوائرس کے بڑھتے قہر نے یہ اقدام کرنے پر مجبور کیا ہے۔ جسٹن ٹروڈو نے مزید کہا کہ کینیڈین شہریوں کو پوری کوشش کرنی چاہئے کہ وہ ملک میں ہی رہیں، بیرون ملک سفر کے بارے میں نہ سوچیں۔ انہوں نے یہ بات اپنی رہائش گاہ کے باہر کہی۔ ان کی اہلیہ کے کوروناوائرس سے متاثر ہونے کے بعد دونوں میاں بیوی اس وقت علحدہ علحدہ رہتے ہیں۔ ٹروڈو نے کہا کہ کینیڈا نے ہر ایک کی حفاظت کیلئے انتہائی جارحانہ اقدامات کئے ہیں۔