خالصتان کے لیے تحریک میں شدت ، نسل پرستانہ حملوں اور فرقہ وارانہ حملوں سے محفوظ رہنے پر زور
حیدرآباد۔23۔ستمبر(سیاست نیوز) ملک کے حالات کا اثر دنیا بھر میں ہندستانیوں پر ہونے لگا ہے اور ہندستانیوں کے لئے اب مرکزی وزارت خارجہ کو اڈوائزری جاری کرنی پڑرہی ہے۔ حکومت ہند کے وزارت خارجہ کی جانب سے کینیڈا کی مختلف ریاستوں میں موجود ہندستانی شہریوں کے لئے اڈوائزری جاری کرتے ہوئے انہیں چوکس رہنے کی صلاح دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ وہ اپنے دورۂ کینیڈا کے دوران چوکنا رہیں کیونکہ کینیڈا میں خالصتان کے لئے جاری تحریک شدت اختیار کرتی جا رہی ہے۔گذشتہ چند یوم سے برطانیہ کے مختلف شہروں میں ہندو ۔مسلم تناؤ کے دوران کینیڈا میں مقیم ہندستانیوں کے لئے وزارت خارجہ کی جانب سے اڈوائزری جاری کئے جانے پر اس بات کا اندازہ ہونے لگا ہے کہ حالات کس رخ پر جا رہے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ مرکزی حکومت کی وزارت خارجہ نے کینیڈا کے علاقوں اونٹاریو اور برامپٹن میں 19 ستمبر کو علحدہ خالصتان کے لئے کروائے گئے استصواب عامہ میں زائد از ایک لاکھ سکھوں کے حصہ لینے کے بعد جاری کی گئی اڈوائزری میں کینیڈا میں تعلیم حاصل کررہے ہندستانی طلبہ اور ملازمین کے علاوہ ہندستانی شہریوں کے لئے جاری کی گئی اڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ وہ نسل پرستانہ حملوں اور فرقہ وارانہ حملوں کا شکار ہونے سے محفوظ رہیں۔ مغربی ممالک بالخصوص برطانیہ اور کینیڈا میں جاری صورتحال ہندستانی شہریوں کے لئے انتہائی مشکل حالات کے پیدا کرنے کا سبب بن سکتی ہے کیونکہ ان ممالک میں جہاں شہری مذہبی آزادی کے ساتھ رہتے ہیں انہیں نسل پرستانہ اور فرقہ وارانہ حملوں کی جانب سے راغب کئے جانے پر حالات مزید ابتر ہونے کا خدشہ ہے۔ہندستان میں جس طرح کے حالات پیدا ہورہے ہیں اور مذہبی منافرت کو جو ہوا دی جا رہی ہے اس کے اثرات سے اب ترقی یافتہ مغربی ممالک میں رہنے والے ہندستانی بھی محفوظ نہیں ہیں ۔ ماہرین امور خارجہ کا کہناہے کہ اگر ہندستان کے حالات میں تبدیلی نہیں لائی جاتی ہے اور سیاسی مفادات کے لئے پھیلائی جانے والی نفرت پر قابو پانے کے اقدامات نہیں کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں آئندہ چند ماہ کے دوران کینیڈا کی طرح دیگر ممالک میں مقیم ہندستانیوں کے لئے بھی وزارت خارجہ کو اڈوائزری جاری کرنی پڑسکتی ہے کیونکہ اگر برطانیہ کے علاقہ لیسٹر کی طرح دیگر علاقوں میں بھی حالات پیدا ہوجاتے ہیں تو ایسی صورت میں ہندستانی شہری جو دیگر ممالک میں رہتے ہوئے محنت و مشقت کے ذریعہ ہندستان کو بیرونی سرمایہ کاری اور زرمبادلہ کے ذریعہ معاشی استحکام فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں انہیں مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔م