کے سی آر ، مجلس کو مضبوط بنانے قومی پارٹی بنا رہے ہیں : کشن ریڈی

   


حیدرآباد ۔ 4 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ملک بھر میں محض اے آئی ایم آئی ایم کو مضبوط بنانے کے لیے ہی قومی پارٹی بنا رہے ہیں ۔ انہو ںنے کہا کہ کوئی بھی پارٹی جو منفی انداز میں قائم ہوگی باقی نہیں رہے گی ۔ کشن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام میں کے سی آر کے تئیں مخالفت بڑھ رہی ہے ۔ کے سی آر کے لیے رہ گئی صرف ایک ہی حلیف مجلس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس قائدین بھی نہیں جانتے ہیں کہ کے سی آر کیوں قومی پارٹی بنا رہے ہیں ۔ کل یہاں بی جے پی اسٹیٹ آفس پر میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ کلواکنٹلہ خاندان تاریکی میں جارہا ہے اور کے سی آر کا یہ خیال ہے کہ کوئی بھی ٹی آر ایس حکومت کی ناکامیوں کو زیر بحث نہیں لائے گا ۔ کشن ریڈی نے کہا کہ ’ کے سی آر ، ان کے فرزند کے ٹی آر اور دختر کویتا یہ خواب دیکھ رہے ہیں کہ وہ بالترتیب وزیراعظم ، چیف منسٹر اور مرکزی وزیر بن جائیں گے ۔ کے سی آر 9 ایم پی نشستوں کے ساتھ قومی سیاست پر کس طرح اثر انداز ہوسکتے ہیں ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ کلواکنٹلہ فیملی ممبرس ان کی نیند میں بھی ای ڈی ، سی بی آئی اور آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کو دیکھ رہے ہیں ۔ کشن ریڈی نے کہا کہ ملک میں کوئی بھی کے سی آر پر یقین نہیں کرے گا ۔ کے سی آر یہ شیخی کررہے ہیں کہ وہ بی جے پی کو شکست دیں گے ۔۔